لاہور ( پبلک نیوز) مسلم لیگ(ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اب ہم عمران خان کو بتائیں گے دھرنا کیا ہوتا اور لانگ مارچ کیا ہوتا ہے، اب کی بار مولانا فضل الرحمن او ر نوازشریف کی قیادت میں لانگ مارچ بھی ہوگا اور کٹھ پتلی کو بھی بھگائیں گے، ہم بار بار کہتے ہیں عمران خان آخر میں اکیلے ہونگے اور سب پیراشوٹرز فرار ہوجائیں گے۔ مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے ایک بیان میں کہا کہ آپ لوگ تین سال سے گاجریں کھارہے ہیں پیٹ میں درد توہونا ہے،پی ڈی ایم کے جلسے میں نوازشریف اور شہباز شریف کی تقریروں سے اسلام آباد میں ہلچل مچی ہوئی ہے، شہبازشریف نے جیسے ہی لانگ مارچ کا اعلان کیا عمران خان اور اس کے حواریوں کو پسو پڑ گئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا لانگ مارچ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اسلام آباد کی جانب مارچ ہوگا، عمران خان لاکھوں کے لانگ مارچ کےلئے حسب وعدہ کنٹینر اور بریانی تیار رکھیں، عمران خان کی الف لیلیٰ کی کہانیاں سن سن کر قوم تنگ آچکی ہے، چوہان صاحب ہمیں معلوم تھا آپ کو اب مروڑ اٹھیں گے۔