ڈونلڈ ٹرمپ اور کاملا ہیرس کی حفاظت اب امریکی فوج کرے گی، پینٹا گان

us forces protection for kamala harris and donald trump
کیپشن: us forces protection for kamala harris and donald trump
سورس: google

ویب ڈیسک :امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے اعلان کیا ہے کہ امریکی فوج صدارتی انتخابات کے مرکزی امیدواروں کو تحفظ فراہم کرنے کے عمل میں شریک ہو گی۔ یہ فیصلہ سیکرٹ سروس کی درخواست کے جواب میں کیا گیا ہے جو اہم سیاسی شخصیات کی حفاظت کی ذمے دار ہے۔

پینٹاگان کی نائب ترجمان سبرینا سنگھ نے صحافیوں کو بتایا کہ وزارت دفاع اب سے لے کر نومبر میں انتخابات کے انعقاد تک صدارتی امیدواروں کو اضافی تحفظ فراہم کرے گی۔ یہ اضافی تحفظ جنوری 2025 میں تقریب حلف برداری تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

 ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے جاری کیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ فیصلہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے ایک ماہ سے زیادہ عرصے بعد سامنے آیا ہے۔ ریپبلکن صدارتی امیدوار کو 13 جولائی کو پنسلوینیا میں ایک انتخابی ریلی کے موقع پر نشانہ بنایا گیا تھا۔ حملے میں ٹرمپ کان پر گولی لگنے سے زخمی ہو گئے تھے جب کہ مجمع میں موجود دو افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

سیکورٹی فورسز نے حملہ آور کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔

سیکرٹ سروس کا ادارہ سابق صدر کی حفاظت میں ناکام رہا جس پر اس کے سربراہ واقعے کے 10 روز بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔

 
 

Watch Live Public News