پی ایس ایل 7: سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کیلئے شائقین پر کڑی شرط عائد

پی ایس ایل 7: سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کیلئے شائقین پر کڑی شرط عائد
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کیلئے تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں۔ شائقین کرکٹ کو اس ایونٹ کا بے صبری سے انتظار ہے لیکن میچ دیکھنے کیلئے ان پر کڑی شرط عائد کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ گذشتہ روز انسداد کورونا کے قومی ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی) کے اہم اجلاس میں کیا گیا ہے۔ فیصلے کے مطابق گرائونڈ میں میچ دیکھنے کے خواہش مند صرف ایسے شائقین کو اجازت دی جائے گی تو تصدیق کرائیں گے کہ ان کی مکمل ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔ این سی او سی نے اپنے اس فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) حکام کو آگاہ کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا ساتواں ایڈیشن 27 جنوری 2022ء سے 27 فروری تک شیڈول ہے۔ نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاہم اگر وبا کے پھیلائو میں کمی دیکھی گئی تو اس پر نظر ثانی کی جا سکے گی۔ اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل کے انعقاد سے قبل ایک بار پھر کورونا وائرس کے پھیلائو کا جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ کرکٹ گرائونڈ میں 12 سال اور اس سے زیادہ عمر کے تماشائیوں کیلئے مکمل ویکسی نیشن لازمی ہوگی جبکہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کی مکمل ذمہ داری بورڈ حکام کی ہوگی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ سٹیڈیم میں آنے والے تمام منتظمین اور تماشائیوں کیلئے ہینڈ سینیٹائزر اور فیس ماسک لازمی ہوگا۔ ایونٹ کے موقع پر پی سی بی پر لازم ہوگا کہ وہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ تعاون کرکے فول پروف سکیورٹی یقینی بنائے۔

Watch Live Public News