ویب ڈیسک : بھارت میں ’’ پنجاب بند’’مہم کے دوران 108 ٹرینیں منسوخ ، پہیہ جام ہڑتال کے باعث ہر قسم کی ٹرانسپورٹ بند، دودھ-سبزیوں کی سپلائی متاثر۔ مارکیٹیں ، شاپنگ مالز، بازار، گیس ایجنسیاں، پیٹرول پمپ، سب بند، عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت کی کئی کئی کسان تنظیموں نے مطالبات پورے نہ ہونے پر حکومت کے خلاف ’’ پنجاب بند’’ مہم کا اعلان کیا تھا۔ 34 دنوں سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے کسان رہنما جگجیت سنگھ ڈلیوال کی حمایت میں اس بند کی اپیل کی گئی تھی۔
بسیں اور دیگر گاڑیاں نہ چلنے سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بچوں کے لئے دودھ میسر ہے نہ بڑوں کے لئے کھانا۔
کسان مزدور مورچہ اور سنیوکت کسان مورچہ کی اپیل پر ’’ پنجاب بند ’’ مہم صبح 7 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔
یادرہے کسان رہنما ڈلیوال سبھی فصلوں پر ایم ایس پی یعنی کم سے کم حمایتی قیمت سمیت 13 زرعی مطالبات کو لے کر بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں لیکن حکومت کے اس پر توجہ نہ دینے سے کسانوں میں شدید ناراضگی ہے۔
جگجیت سنگھ ڈلیوال نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں زیادہ سے زیادہ کارکنوں کو پہنچنے کیلئے کہا ہے۔ سنیوکت کسان مورچہ (غیر سیاسی) کے کسان رہنما سرون سنگھ پنڈھیر نے کہا ہے کہ پیر کی صبح 7 بجے سے شام 4 بجے تک بند کے دوران ریاست میں بسیں و ٹرینیں نہیں چلنے دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ جانکاری ملی ہے کہ کھنوری بارڈر پر فورس لے جانے کے لیے پٹیالہ میں بسیں جمع کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھگونت مان حکومت لاشوں کے اوپر سے نکلے بغیر ڈلیوال کو نہیں لے جاسکتی۔
حالانکہ پنڈھیر نے یہ واضح کیا کہ بند کے دوران ہنگامی خدمات جاری رہیں گی۔ اس کے علاوہ پرواز کے لیے ہوائی اڈہ جانے والے یا نوکری کے لیے انٹرویو دینے والے یا شادی کی تقریب میں شامل ہونے والے سبھی لوگوں کو ’’ پنجاب بند’’ مہم سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔