پی ٹی آئی ختم ہوچکی، آصف علی زرداری نے بڑا دعویٰ کردیا

 پی ٹی آئی ختم ہوچکی، آصف علی زرداری نے بڑا دعویٰ کردیا
کیپشن: Asif Ali Zardari
سورس: ویب ڈیسک

(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ختم ہوچکی، پی ٹی آئی اب ایک ” سائیڈ شو“ رہے گی، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی دوبارہ مین جماعتیں ہوں گی اور انہی میں مقابلہ ہوگا، پی ٹی آئی کوئی تحریک یا فلاسفی نہیں بلکہ بدتمیزی کا ڈرامہ ہے۔

نجی نیوز چینل کوخصوصی انٹرویو دیتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا ہمیشہ ٹارگٹ پنجاب تھا اور پنجاب رہے گا ، پنجاب میں اتنی محرومیت ہے کہ دوستوں کو نظر ہی نہیں آتی، جب سندھ ہمارے ساتھ ہوتا ہے تو ہم زرعی اجناس کی قیمتیں بڑھا دیتے ہیں جس پر پنجاب کو بھی قیمت مل جاتی ہے۔ 

 پیپلزپارٹی پنجاب میں ہر جگہ موجود ہے، ارادہ ہے کہ اب پنجاب میں ہی بیٹھیں گے ، آزاد امیدواروں کے بغیر الیکشن میں پنجاب میں اچھا رزلٹ دیں گے، بلاول بھٹو کی نوازلیگ پر تنقید کے سوال پر آصف زرداری نے جواب دیا کہ الیکشن میں ایک دوسرے پر تنقیدکرنا جائز ہے ناجائز نہیں ہے، بلاول اگر نوازشریف مخالف ووٹ کو مائل کررہا ہے ، میرے حساب سے حامی نوازنہیں پنجاب میں صرف اینٹی نوازووٹ ہے۔ 

سابق صدر نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میں جو لوگ گئے ہیں وہ پیپلزپارٹی میں واپس آنا چاہتے ہیں، وہ الیکشن کے بعدواپس آئیں گے، حیرانی ہوگی اگر لطیف کھوسہ جیت جائے گا، الیکشن میں سب کو سرپرائز مل سکتے ہیں۔ 

آصف زرداری نے کہا کہ 16ماہ کی ذمہ داری ن لیگ پر ہے، کیونکہ وزیراعظم ان کا تھا، میں نے اس لئے وزیراعظم بنایا تھا کہ دور کے ڈھول سہانے ہوتے ہیں، سب کہتے تھے کہ بڑا محنتی ہے، لیکن یہ لکیر کے فقیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا الیکشن میں اچھا نمبر لینے کا ارادہ ہے، ہم حکومت بھی بنا سکتے ہیں، وزیراعظم یا صدر بننا سب نمبر گیم پر منحصر ہے،انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے تحریک عدم اعتماد میں سب سے زیادہ حصہ ڈالا ، تحریک عدم اعتماد ہماری سوچ تھی۔ 

Watch Live Public News