لاہور(پبلک نیوز )اسلام آباد میں نورمقدم کے قتل کا معاملہ، : پنجاب فرانزک سائنس لیب میں ملزم ظاہر جعفر کا پولی گرافک ٹیسٹ مکمل کر لیا گیا. ذرائع کا کہنا ہے کہ ظاہر جعفر کا پولی گرافک ٹیسٹ سائنس لیب کے ماہرین نے کیا، ٹیسٹ میں ظاہر جعفر سے بیس سوالوں کے جواب لیے گئے، ملزم کے پولی گراف ٹیسٹ کی رپورٹ اسلام آباد پولیس کو بھجوائی جائے گی. ذرائع کا کہنا ہے کہ لیب میں واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا فرانزک بھی کیا گیا، ٹیسٹ کے دوران ملزم مختلف حیلے بہانے کرتا رہا، ظاہر جعفر کو آج اسلام آباد پولیس لاہور لائی تھی، ملزم کو کیس کے تفتیشی عبدالستار انسپکٹرسخت سیکورٹی میں ملاہور لائے تھے، ملزم کو ٹیسٹ کے بعد دوبارہ اسلام آباد منتقل کر دیا گیا. واضح رہے کہ اہم مقدمے میں آئے روز نئے نئے انکشافات سامنے آ رہے ہیں. گزشتہ روز یہ انکشاف ہوا تھا کہ ملزم نے نور کو ساتھ لیکر امریکا فرار ہونے کی کوشش بھی کی تھی. ملزم اس کیس میں اعتراف جرم بھی کر چکا ہے. پولیس کو ملزم کے موبائل فون پر نور پر تشدد کرنے کے ویڈیو شواہد کے علاوہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ملی ہے۔ ذرائع نے مزید کہا فوٹیج میں لڑکی کو پہلی منزل سے چھلانگ لگا کر اور مرکزی دروازے کی طرف بھاگتے ہوئے گھر سے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس کے بعد نور مقدم کو سیکیورٹی گارڈ کے کیبن میں بھاگتے ہوئے اور اپنے آپ کو اس میں بند کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا۔ ملزم نور پیچھے آگیا اور اسے کیبن سے باہر گھسیٹا، جبکہ سیکیورٹی گارڈ اور گلی میں موجود دیگر افراد نے واقعہ کا مشاہدہ کیا۔تاہم کسی نے بھی ظاہر کو نہ روکا۔ مقتولہ کے اہل خانہ نے مبینہ طور پر تفتیشی ٹیم کو مطلع کیا تھا کہ نور نے اپنے ڈرائیور کو 70000 روپے ملزم کے گھر لانے کی ہدایت کی تھی۔ تاہم تفتیشی ٹیم کا کہنا ہے کہ اس بارے میں کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا ہے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے مزید کہا کہ متاثرہ لڑکی کے اکاؤنٹ سے اس کے گھر سے یا کسی دوسرے رشتہ دار سے رقم لیے جانے کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔