اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان کو یوکرین کے صدر ولادی میر زیلینسکی نے منگل کو ٹیلیفون کیا اور دونوں رہنمائوں نے یوکرین کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے یوکرین میں جاری عسکری تنازعہ پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے تنازعہ کے حل کیلئے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یوکرین میں جاری عسکری تنازعہ پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور فوری جنگ بندی اور مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے تنازعہ کے حل کیلئے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ترقی پذیر ممالک پر تنازعہ کے منفی معاشی اثرات کو مسلسل اجاگر کر رہے ہیں جو تیل اور اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے ظاہر ہوتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے عام شہریوں کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے یوکرین میں لوگوں کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سامان کی فراہمی کیلئے 2 سی۔130 طیارے روانہ کئے۔ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرا خارجہ کی کونسل کے حالیہ اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے یوکرین کے تنازعہ کی وجہ سے سکیورٹی اور انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور وزرائے خارجہ نے فوری طور پر جنگ بندی کے خاتمے پر زور دیا اور او آئی سی کے رکن ممالک کی طرف سے مذاکراتی عمل کی حمایت اور سہولت فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان جیسے غیرجانبدار ممالک جنگ بندی اور تنازعہ کے سفارتی حل کے لئے کوششوں کو تقویت دینے میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے یوکرین کے حکام کی جانب سے پاکستانی طلباء اور شہریوں کے ساتھ ساتھ سفارتی عملے کے انخلا میں مدد پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے دیگر ممالک کی طرف سے سفارتی حل کی سہولت کے لئے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔