نیپال میں لاپتا مسافر طیارے کا ملبہ مل گیا

نیپال میں لاپتا مسافر طیارے کا ملبہ مل گیا
نیپال میں گذشتہ روز لاپتا ہونے والے مسافر طیارے کا ملبہ لگ بھگ چوبیس گھنٹوں کی کوشش کے بعد تلاش کر لیا گیا ہے۔ اس بدقسمت طیارے میں عملے کے اراکین سمیت 22 مسافر سوار تھے۔ یہ طیارہ تارا ائیر کی ملکیت تھا۔ اس طیارے نے اتوار کے روز نیپال کے شہر پوکھرا سے اڑان بھری، اس کی منزل جومسوم تھا لیکن اچانک اس کا چند منٹوں بعد ہی ایئر کنٹرول نظام سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ اس طیارے نے جومسوم ائیرپورٹ سے اتوار کی صبح 9 بج کر 55 منٹ پر اڑان بھری تھی لیکن چند منٹوں بعد ہی 10 بج کر 11 منٹ پر اس کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہو گیا ۔ لاپتا طیارے کی تلاش کے لئے ہیلی کاپٹرز کو فوری طور پر بھیجا گیا لیکن خراب موسم کی وجہ سے اس کا پتا لگانا مشکل ہو گیا۔ طیارہ دامودر کنڈ اور مکتی دھام سے مسافروں کو لے کر جومسوم شہر جا رہا تھا۔ بی بی سی کے مطابق مکتی دھام جومسوم سے تقریباً 25 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ نیپالی حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ لاپتا ہونے کا فوری طور پر علم ہو گیا تھا لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے اس کی تلاش کا عمل بروقت شروع نہیں کیا جا سکا تھا۔ موسم صاف ہونے کے بعد تلاش شروع کی گئی تو کوانگ کے علاقے سے اس کا ملبہ مل گیا۔ اس وقت نیپالی فوج کے اہلکار اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں اور ملبے سے لاشوں کو نکالنے کی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بدقسمت طیارے میں 13 نیپالی، 4 انڈین اور 2 جرمن شہریوں سمیت عملے کے ارکان سوار تھے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل اپریل 2019، فروری 2019، ستمبر 2018، مارچ 2018، فروری 2016، مئی 2015، فروری 2014، ستمبر 2012 اور مئی 2012 میں بھی نیپال میں طیاروں کو حادثے پیش آ چکے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔