لاہور (پبلک نیوز) کورونا وائرس اور ڈینگی کے بعد شہر میں سموگ کی آمد کا خطرہ سر اٹھانے لگا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمینٹل کمیشن جسٹس(ر)علی اکبر قریشی کی سربراہی میں سموگ کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکریٹری ماحولیات سید مبشر حسین شرکت کی۔ علی اکبر قریشی کا کہنا تھا کہ محمکہ تحفظ ماحول سموگ پر قابو پانے کے لیے متحرک رہیں۔ سموگ کی روک تھام کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔ تمام بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کو یقینی بنایا جائے۔ چیئرمین واٹر کمیشن نے مزید کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن کی ہدایات کر دی گئی ہیں۔ سموگ پر قابو پانے کیلئے فصلوں کی باقیات جلانے اور فضائی آلودگی کا سبب بننے والی صنعتوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سموگ کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سموگ کے پیش نظر واسا لاہور کی جانب سے پیشگی اقدامات کے بارے میں ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز کا کہنا ہے کہ سموگ کے پیش نظر 15 اکتوبر سےواسا کی تمام ہیوی مشینری کے استعمال کو محدود کر دیا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ31 اکتوبر سے ہفتہ میں ایک روز واسا کے تمام افسران اور عملہ سائیکل پر دفتر آنے کی روایات کو جاری رکھیں گے۔ اجلاس میں کمیشن کے لیگل ایڈوائزر سید کمال علی حیدر اور فوکل پرسن علی اعجاز بھی موجود تھے۔