دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کی ایڈوانس بکنگ آج سے شروع

دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کی ایڈوانس بکنگ آج سے شروع
لاہور: پاکستانی تاریخ کی مہنگی ترین ایکشن فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ایڈوانس بکنگ آج سے شروع ہو جائے گی ، فلم کے ٹکٹس پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر دستیاب ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق فلم 13 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایک ساتھ ریلیز کی جائے گی۔لاشاری فلمز، انسائیکلو میڈیا اور ٹرپل اے موشن پکچرز کے بینر تلے بنائی گئی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے ریلیز سے قبل ہی ہر طرف دھوم مچا رکھی ہے۔ فلم میں اداکار فواد خان نے مولا جٹ کا مرکزی کردار ادا کیا ہے جب کہ ماہرہ خان نے مکو جٹی کا کردار نبھایا ہے، اس کے علاوہ فلم میں حمزہ علی عباسی نوری نت کا کردار نبھا رہے ہیں اور اداکارہ حمائمہ ملک بھی دارو کے کردار میں نظر آئیں گی۔ خیال رہے کہ کافی عرصے سے تاخیر کا شکار پاکستان کے سپر سٹارز ماہرہ خان اور فواد خان کی فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ رواں سال ستمبر کے مہینے میں ریلیز ہونے کا امکان تھا۔ سوشل میڈیا پر اس فلم کے حوالے سے یہ خبریں گردش کررہی تھی کہ فلم “دی لیجنڈ آف مولا جٹ” کو اس سال 30 ستمبر کو ریلیز کیا جائے گا ، مگر ابھی تک اس کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ فلم کی کاسٹ میں ماہرہ خان، فواد خان، حمزہ عباسی، فارس شفیع، گوہر خان، نیراعجاز، شفقت چیمہ ، اور حمائمہ ملک سمیت بڑی کاسٹ شامل ہیں۔ بتایا جارہا تھا کہ فلم کی ڈسٹربیوشن مانڈوی والا فلمز کرے گی اور ماضی میں بھی انہوں نے پاکستان میں فلم طیفا ان ٹربل، اوتار اور وار جیسی فلمیں پیش کیں تھیں ۔ واضح رہے کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ 1979 ء کی مشہور ترین پنجابی فلم مولا جٹ کا ریمیک ہے۔اس فلم کے ہدایت کار اور کہانی کار بلال لاشاری ہیں اور اسے انسائیکلو میڈیا کے بینر تلے بنایا گیا ہے۔ دی لیجنڈ آف مولا جٹ لالی ووڈ کی ایکشن ڈرامہ پنجابی فلم ہے. اس فلم کا پہلا ٹریلر 2018 میں ریلیز کیا گیا تھا تب سے لے کر اب تک فلم کی ریلیز کا متعدد بار اعلان کیا گیا تھا لیکن بہت سی وجوہات کی بنا پر فلم ریلیز نہیں ہو سکی تھی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔