لاہور (پبلک نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں ٗ حکمرانوں کے روز کرپشن سکینڈلز آئیں گے تو عوام کی روٹی روزانہ مہنگی ہی ہوگی ٗ آٹے کی قیمت میں 57 روپے فی کلو اضافہ ہوا ، یہ 73 فیصد اضافہ ہے ٗ چینی کی قیمت 120 اور 130 تک گئی ہے ٗ 100روپے یا 85 فیصد اضافہ چینی کی قیمتوں میں ہوا ٗ دودھ کی قیمت میں 31 فیصد اضافہ ہوا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے ایک بیان میں کہا کہ عوام بھوکے اور بے روزگار ہیں، حکمران سب اچھا ہے کی بے حسی کی رپورٹ دے رہے ہیں ٗ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں ٗ آج ملک کو اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے بحران کا سامنا ہے ٗ عوام کو آٹا، گندم، چینی، سبزیاں، خوردنی تیل، مرغی، دودھ، انڈے، ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قلت کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ دودھ فی لٹر 108 روپے یا اس سے زائد قیمت پر فروخت ہورہا ہے ٗ عوام کی بنیادی ضرورت کی یہ اشیاءانتہائی مہنگے داموں فروخت ہورہی ہیں ٗ اضافی گندم پیدا کرنے والے ملک میں آٹے کی فراہمی کو جو حکومت یقینی نہ بناسکے، اس کی کرپشن اور نااہلی کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہوسکتا ہے ٗ حکمرانوں کو معیشت اور عوام کی تکالیف کا کوئی علم ہے۔