نوازشریف، شہبازشریف اور سعدرفیق سمیت دیگر کےخلاف کیسز کے پراسیکیوٹر نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو ( نیب) کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل چوہدری خلیق الزمان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔استعفے کے متن میں چوہدری خلیق الزمان نے لکھا کہ بعض حالات کی وجہ سے نیب کے ساتھ کام نہیں کر سکتا،کچھ خاص وجوہات کی بنا پر کام کرنامشکل ہوگیاہے۔چوہدری خلیق الزمان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ موجودہ نظام کےساتھ کام کرنےمیں خوش نہیں تھے۔ واضح رہے کہ ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب جنرل چوہدری خیلق الزمان نوازشریف، شہبازشریف اور سعدرفیق سمیت دیگرکےخلاف کیسزکے پراسیکیوٹر مقرر تھے۔ ادھر وفاقی حکومت نے ایک بار پھر نیب کے قانون میں ترمیم کی تیاری شروع کردی ہے، جس کے تحت نیب پچاس کروڑ روپے سے کم کرپشن کیسز کی تحقیقات نہیں کرسکے گا۔ نئے بل کے مطابق احتساب عدالت کے ججز کی تقرری سے متعلق صدر کا اختیار بھی ختم ہوگا اور پراسیکیوٹرجنرل نیب کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کی جاسکے گی۔ ترمیم شدہ بل میں کہا ہے کہ سیکشن انیس ای میں بھی ترمیم کرتے ہوئے تجویز دی گئی کہ نیب کو ہائی کورٹ کی مدد سے نگرانی کی اجازت دینے کا اختیار واپس ہوگا۔