پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ممنوعہ فنڈنگ کیس کے درخواست گزار اکبر ایس بابر نے پارٹی چیئرمین عمران خان کو مشورہ دے دیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں اکبر ایس بابر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ایماندار ہیں تو فنانشل ٹائمز کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کردیں۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ عمران خان فنانشل ٹائمز کے خلاف کبھی بھی ہتک عزت کا دعویٰ نہیں کریں گے۔ اکبر ایس بابر نے مزید کہا کہ فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے بعد عمران خان کے ایماندار ہونے کے دعویٰ کی عمارت گرگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن پر حملہ کردیا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین کہہ رہے ہیں وہ قانون سے بالاتر ہیں جس کو وہ لگاتے ہیں وہ ٹھیک اور باقی سب غلط ہیں۔ ممنوعہ فنڈنگ کیس کے درخواست گزار نے یہ بھی کہا کہ میں نے پی ٹی آئی نہیں چھوڑی ہے، اب بھی پارٹی کا رکن ہوں۔