لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
کیپشن: لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

ویب ڈیسک: واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور ائیر پورٹ پر ہونے والی بارش 44 سال میں ریکارڈ کی گئی سب سے زیادہ ہے۔ جس سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں آج صبح سویرے سے مون سون بارش کا ہیوی سپیل جاری ہے۔ لاہور کے نواحی علاقے چوہنگ میں بھی موسلادھاربارش ہوئی جبکہ علاقے تاج پورہ میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، اور مون سون بارشوں کا سلسلہ 6 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ شروع ہونے والی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، مال روڈ، فیروزپور روڈ، ماڈل ٹاؤن، فیصل ٹاؤن ، لکشمی چوک اور انارکلی سمیت دیگر علاقوں میں شدید بارش ہوئی۔

میواسپتال ایمرجنسی میں پانی داخل:

لاہور کے میو ہسپتال کی ایمرجنسی میں پھر سے بارش کا پانی داخل ہو گیا۔ ڈیڑھ ارب روپے سے تیار ہونے والی ایمرجنسی وارڈ کے مختلف حصوں میں پانی پہنچ گیا۔ 

اس کے علاوہ ایمرجنسی وارڈ کی چھت ایک مرتبہ پھر سے ٹپک پڑی۔ چھت کے ٹپکنے سے بارش کا پانی مختلف حصوں میں داخل ہو گیا۔ چند دن قبل بھی میو ہسپتال کی ایمرجنسی وارڈ میں بارش کا پانی جمع ہوا تھا۔

جنرل اسپتال پانی میں ڈوب گیا:

لاہور کا جنرل ہسپتال بھی پانی میں ڈوب گیا۔ بارش کا پانی ٹی بی وارڈ میں داخل ہوگیا۔ بارش کا پانی ریڈیالوجی ٹاور میں داخل ہوگیا۔ 

بتایا گیا ہے کہ جنرل ہسپتال میں بارش کے  پانی سے ادویات خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ 

ایم آر آئی سیکشن میں بھی پانی داخل ہو گیا۔ بارش کا پانی نرسنگ کالج اور نرسنگ ہوسٹل میں داخل ہو گیا۔ جنرل ہسپتال میں بارش کا پانی بلڈ بنک، فزیوتھراپی ڈیپارٹمنٹ میں داخل ہوگیا۔

نشیبی علاقے زیرآب:

تیز بارش کے بعد شہریوں کے گھر نہروں کا منظر پیش کرنے لگے۔ لاہور کے وسطی علاقے مسلم ٹاؤن میں بھی شدید بارش سے بارش کا پانی جمع ہوگیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نئے سوریج ڈالنے کے باوجود یہ صورتحال بہتر نہ ہو سکی ہے۔

گھر کی دیوار گر گئی:

رات سے ہونے والی بارش شہریوں کے لیے زحمت بن گئی۔ لاہور شہر میں ہونے والی بارش کے باعث اندروں شہر موچی گیٹ میں گھر کی دیوار گر گئی۔ اس کے ساتھ بجلی کی لٹکتی تاریں اہل محلہ کے لیے خطرہ بن گئیں۔ 

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ لیسکو کو بار بار کال کرنے پر کسی نے کال ریسیو نہیں کی۔ اہل محلہ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

بارش سے لاہور کے پوش علاقے بھی زیرآب:

لاہور میں بارش سے پوش علاقے بھی زیر آب آ گئے۔ لاہور کے علاقے گارڈن ٹاؤن میں کئی فٹ پانی جمع ہو گیا۔ برکت مارکیٹ اور اس سے ملحقہ علاقے بھی بارش سے زیر آب  آگئے۔ لوگ پانی کی وجہ سے گھروں تک محصور ہو کر رہ گئے۔

وزیراعلیٰ کی محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

لاہور میں ہونے والی شدید بارش کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے متعلقہ محکموں کےلئےالرٹ جاری کردیا ہے۔ انتظامی افسروں اور واسا حکام کو فیلڈ میں پہنچے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

وزیراعلیٰ نے لاہور اور دیگر شہروں میں بارشی پانی کی جلد نکاسی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے بارش کے پانی کے نکاس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ 

مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے وارڈن اور متعلقہ انچارج موجود رہیں۔ گلی محلوں اور روڈز سے بارش کے پانی کی نکاسی کا آپریشن جلد مکمل کیا جائے۔ 

لیسکو کی جانب سے احتیاطی تدابیر جاری:

شدید بارش کے بعد لیسکو کی جانب سے احتیاطی تدابیر جاری کردی گئی ہیں۔  

بارش کے دوران بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں اوران کوچھونے سے گریزکریں۔

جانوروں کوبجلی کے کھمبوں یا انہیں سہارا دینے والے تارسے نہ باندھیں۔

ٹرانسفارمر یا بجلی کی ہائی ٹینشن تاروں کے نیچے مویشی نہ باندھیں۔

بجلی کی ہائی ٹینشن تاروں کے نیچے تعمیرات نہ کریں۔

کھمبوں یا دیگر برقی تنصیبات کے قریب کھڑے پانی میں بھی کرنٹ ہوسکتا ہے لہٰذا اس سے بچ کر گزریں۔

جب لائن سٹاف کام کررہاہوتوان کے قریب نہ کھڑیں ہوں۔

گھرکے اندرکسی بھی گیلی یا ٹوٹی ہوئی تار کو ہاتھ لگانے سے اجتناب کریں۔

گیلے ہاتھوں،کپڑوں یاجوتوں کی موجودگی میں سوئچ،بجلی کی تار یا پنکھے وغیرہ کوہرگزنہ چھوئیں۔

گھر میں پانی داخل ہونے کی صورت میں بجلی کے مین سوئچ بند کردیں اور برقی آلات بالائی منزل پر منتقل کردیں۔

کپڑے خشک کرنے کے لئے دھاتی تار کی بجائے پلاسٹک کی رسی یاڈوری پرڈالیں۔

برقی آلات کے ساتھ تین پن والے شو استعمال کریں اوران کوارتھ کریں۔

استری کرتےاورکپڑے دھوتے وقت پاؤں کے نیچے موٹاسوتی کپڑا،کمبل کاکپڑا،لکڑی یاربڑمیٹ کاکوئی خشک کپڑاضروررکھیں۔

بچوں کوپلگ سے شوکوالگ کروانے سے مکمل گریزکریں۔

کسی بھی حادثے یا شارٹ سرکٹ کی  صورت میں فوری طورپر متعلقہ شکایات دفترمیں شکایت درج کروائیں۔

بارش کے اعدادوشمار جاری: 

واسا لاہور نے طوفانی بارش کے اعدادوشمار جاری کر دیے۔ واسا حکام کا کہنا ہے کہ لاہور میں 44 سالہ بارشوں کا ریکارڈ ایک بار پھر ٹوٹ گیا۔ ائیرپورٹ پر 350 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نشتر ٹاؤن282،پانی والا تالاب226،قرطبہ چوک218 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

واسا حکام کا کہنا ہے کہ گلشن راوی210،لکشمی چوک  205،جیل روڈ127،گلبرگ165 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اپرمال194،مغلپورہ202،تاجپورہ220،اقبال ٹاؤن میں232ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

سمن آباد220،جوہر ٹاؤن222،فرخ آباد میں 215ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

ترجمان موٹروے پولیس:

ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں پر اکثر مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، موٹروے ایم 2 پر پنڈی بھٹیاں، شیخوپورہ، کالا شاہ کاکو اور ٹھوکر نیازبیگ تک بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ مانگا منڈی، پتوکی، رینالہ خورد اور اوکاڑہ کے مقامات پر بارش ہو رہی ہے جبکہ موٹر وے ایم 3 پر فیض پور سے ننکانہ صاحب تک بارش ہے۔

پنجاب

پنجاب کے دیگر شہروں گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد سمیت کئی مقامات پر بھی موسلادھار بارش سے حبس کا زور ٹوٹ گیا۔

بادل برسنے سے کئی شہروں میں متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے جس کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

لاہور کے علاوہ پنجاب کے شہروں شیخوپورہ، قصور، پاکپتن، سرگودھا، جہلم، مری، راولپنڈی، اسلام آباد میں بھی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

میرپور آزاد کشمیر میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے درخت گر گئے ہیں۔

شکرگڑھ میں بارش

شکرگڑھ  شہر اور مضافاتی علاقوں کرتارپور ،نورکوٹ،چھمال،سکھوچک،اخلاص پور سمیت دیگر علاقوں میں مون سون کی پہلی بارش سے گلیاں ،محلے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔ 

شہر کا غوثیہ چوک،مسلم ٹاؤن میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات  کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ بارش کے باعث دھان کی فصل کاشت کرنے والے کسان بھی خوش دکھائی دے رہے ہیں۔ ابر رحمت برسنے سے مہنگی بجلی اور ڈیزل کے خرچہ سے چھٹکارا پر خوش ہیں۔ تو دوسری جانب بچے مچھلیوں کو پکڑنے میں مصروف دیکھائی دیتے رہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹے  گرج چمک اور تیزہواؤں کے ساتھ بارش رہنے کا امکان بتایا گیا ہے۔

قصور میں بارش

قصور شہر اور گردونواح میں شدید طوفانی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے کےساتھ جاری ہے۔ شدید طوفانی بارش نے جل تھل ایک کر کے رکھ دیا۔ نشیبی علاقے زیر آب شہر کی مین شاہراہوں اور گلی محلوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔

مریدکے میں بارش

مریدکے شہر اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بارش کے باعث کئی علاقوں کی بجلی معطل کردی گئی۔ بارش سے چاول کی فصل کو فائدہ ہوگا۔ جس سے کسان خوش دکھائی دے رہے ہیں۔ 

کاہنہ میں موسلا دھار بارش

کاہنہ میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔ سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ بارش کے آغاز کے ساتھ ہی بجلی بند ہوگئی۔ 

مختلف علاقوں کی چار گھنٹوں سے لگا تار بجلی بند ہے۔ سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے۔ مون سون ریلیف کیمپ پر عملہ نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔ 

وزیرآباد میں موسلا دھار بارش:

وزیر آباد شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشِ سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ 

بارش کے ساتھ ساتھ ٹھنڈی ہوائیں بھی چلنے لگیں۔ بارش سے تین روز سے جاری شدید گرمی اور حبس میں کمی واقع ہوئی ہے۔ 

بارش اور تیز ہوا کی وجہ سے متعدد فیڈرز پر بجلی کا نظام متاثر ہوا ہے۔ اس کے علاوہ موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے بھی زیرآب آگئے ہیں۔ 

ظفروال میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا: 

ظفروال شہر اور گردونواح میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ بارش کے باعث کئی علاقوں کی بجلی معطل ہوگئی۔ 

ظفروال میں علی الصبح سے ہونے والی کبھی ہلکی تو کھبی تیز بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی اور حبس کا زور توڑ دیا۔

نارووال میں موسم کی صورتحال: 

نارووال میں علی الصبح ہونے والی بارش نے جل تھل ایک کردیا۔ 1 گھنٹے کی بارش نے میونسپل کمیٹی کے انتظامات کے پول کھول دیے۔ 

بارش کاپانی پاسپورٹ آفس ۔ ایجوکیشن آفس ۔ محکمہ زراعت اور محکمہ ہیلتھ کے دفاتر کے باہر2 فٹ تک کھڑاہوگیا۔

گلیوں بازاروں کے نالوں کی صفائی نہ ہونے سے گٹروں کاگنداپانی بارش کے پانی میں شامل ہوکربدبواور تعفن پھیلانے لگا۔

تیزآندھی کے ساتھ موسلادھاربارش سے گرمی حبس سے ستائے چہرے کھل اٹھے۔ 

عیدگاہ۔ ریلوے ۔ ظفروال۔ پرانا کچہری روڈ کی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔ شدید طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ شہرکی گلیوں اور بعض گلیوں کے گھروں میں بارش کا پانی داخل ہوگیا۔ 

حافظ آباد میں موسلا دھار بارش

حافظ آباد اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کے ساتھ ہی متعدد علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ کرگئے۔ 

حافظ آباد میں بارش سے گرمی کی شدت میں کمی موسم خوشگوار ہوگیا۔

چونیاں میں موسلا دھار بارش:

الہ آباد ،چونیاں، کنگن پور اور گردو نواح میں صبح سویرے بارش نے موسم خوشگوار کردیا۔   بارش کے باعث گرمی اور حبس کا زور بھی ٹوٹ گیا۔ بارش کے باعث شہریوں کے گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے۔

حجرہ شاہ مقیم میں موسلادھار بارش:

حجرہ شاہ مقیم شہر اور گردونواح میں تیز آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے موسم خوشگوار اور سہانا ہو گیا۔ بارش کے آتے ہی کئی بجلی کے فیڈر ٹرپ کر گئے۔

کراچی میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

آئی آئی چندریگر روڈ، صدر گرومندر، لسبیلہ، ایم اے جناح روڈ اور اطراف میں رات گئے بارش ہوئی جبکہ گلشن اقبال، گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، کریم آباد، نارتھ ناظم آباد میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔

ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ رات سے تاحال جاری ہے۔ یونیورسٹی روڈ سے لے لیکر ٹاور تک اور اورنگی ٹاؤن سے گلشن حدید تک رم جھم جاری ہے۔ بارش کے ساتھ ہی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

Watch Live Public News