ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت لاہور میں موسلادھار بارش کے باعث چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں ایک بچی جاں بحق اور کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا ہےجبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
لاہور کے علاقے گجومتہ کے قریب بابا بلھے شاہ انٹرچینج گاؤں میں ٹی آر گارڈر کی چھت گر گئی جس کے ملبے تلے 6 افراد دب گئے، واقعہ کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق جبکہ 5 افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
چھت گرنے کا دوسرا واقعہ شوکت خانم چوک کے قریب پیش آیا، چھت گرنے سے دو افراد ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو ملبے کے نیچے سے نکال لیا۔
ریسکیو ٹیم نے ایک شخص کو ابتدائی طبی امداد دی جبکہ دوسرے شخص کو زخمی حالت میں جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق:
نشاط کالونی لاہور کینٹ کے نزدیک موٹرسائیکل سوار کرنٹ لگنے سے زندگی کی بازی ہار گیا ہے۔ جس کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔
شیخوپورہ میں بھی مکان کی چھت گرگئی
ریسکیو حکام کے مطابق شیخوپورہ کے نواحی علاقے ڈیرہ مسیت کوٹ پنڈی داس کچے مکان کی چھت گر گئی۔ ملنے تلے دب کر ماں بیٹا اور بیٹی شدید زخمی ہوگئے۔ جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ مکان کی چھت موسلادھار بارش کے باعث گری۔ زخمیوں کی شناخت خالدہ، سیرت اور عمیر شامل ہیں۔
فیروزوالہ میں بھی مکان کی چھت گرگئی:
ریسکیو حکام کے مطابق فیروزوالہ کوٹ پنڈی داس بارش کی وجہ سے کچے مکان کی چھت گر گئی۔ مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔
فیروزوالہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں کی شناخت خالدہ امین، سیرت دختر امین اور عمیر ولد امین کے نام سے ہوئی ہے۔
پتوکی میں بھی چھت گرگئی:
ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ بارش کے باعث پرانی منڈی میں گھر کی چھت گرگئی ہے۔ چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر خاتون شدید زخمی ہوگئی۔ زخمی خاتون کو نکال کر طبی امداد کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق تشویشناک حالت کے پیش نظر زخمی خاتون کو لاہور ریفر کر دیا گیا۔