سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 5 خارجی جہنم واصل،2 زخمی

سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 5 خارجی جہنم واصل،2 زخمی

(ویب ڈیسک ) سیکیورٹی فورسز  نے لکی مروت میں  کارروائی کے دوران 5 خارجی دہشتگرد جہنم واصل کردیے جبکہ  2 زخمی  ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی ۔ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 5 خارجی دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے جبکہ  2 زخمی بھی ہوئے۔

ترجمان پاک فوج  کا کہناہے کہ  علاقے کو خارجی دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے  سینیٹائزیشن آپریشن جاری  ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

صدرمملکت کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین: 

صدر مملکت آصف علی زرداری نے لکی مروت میں فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ،انہوں نے  خوارج دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔

آصف علی زرداری نے  کاروائی کے دوران 5 خوارج جہنم واصل کرنے، 2 زخمی کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف  بھی کی۔انہوں نے  دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں خلاف کاروائیاں جاری رکھنے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم  کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین: 

وزیراعظم  شہباز شریف نے ضلع لکی مروت میں 5 خوارج کو جہنم واصل کرنے اور 2 کو زخمی کر کے گرفتار کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ  انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے ، حکومت ملک سے خوارج اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی سیکیورٹی فورسز کو شاباش: 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لکی مروت میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔انہوں  نے 5 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ  5 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی  دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔  

وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم کو بہادر سکیورٹی فورسز پر ناز ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خوارجی دہشتگردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے نہیں دیں گے، قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔

Watch Live Public News