لاہور میں موسلادھار بارش، بڑے اسپتالوں میں بھی پانی داخل، مریض خوار

لاہور میں موسلادھار بارش، بڑے اسپتالوں میں بھی پانی داخل، مریض خوار
کیپشن: لاہور میں موسلادھار بارش، بڑے اسپتالوں میں بھی پانی داخل، مریض خوار

ویب ڈیسک: لاہور میں ہونیوالی موسلادھار بارش کے باعث 4 بڑے ہسپتال پانی میں ڈوب گئے۔ جس کی وجہ سے مریضوں اور ان کے ساتھ آئے تیمارداروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔  

تفصیلات کے مطابق لاہور جنرل ہسپتال بارش کے پانی سے بھر گیا۔ پانی مختلف وارڈز میں داخل ہوگیا۔ سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی وارڈ پانی سے بھر گئی۔ میو ہسپتال اور جناح ہسپتال کی چھتیں بھی ٹپک پڑیں۔ بارش کا پانی داخل ہونے سے ادویات کے خراب ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

لاہور میں ہونیوالی بارش سے جنرل ہسپتال ندی کا منظرپیش کرتا رہا۔ فزیو تھراپی،  ٹی بی وارڈ، ایم آر آئی سیکشن ، بلڈ بنک ، نرسنگ ہوسٹل اور کالج میں پانی داخل ہو گیا۔ نئی اپ گریڈ ہونیوالے ریڈیالوجی بلاک میں رکھی ادویات بھی خراب ہو گئیں۔ ایم آر آئی سیکشن میں بھی پانی داخل ہو گیا۔ وارڈ میں پانی داخل ہونے سے مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔ 

دوسری جانب سروسز ہسپتال میں کروڑوں مالیت سے تیار ہونیوالا ایمرجنسی وارڈ پانی سے بھر گیا۔ وارڈ میں پانی بھرنے سے مریضوں اور ڈاکٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح جناح ہسپتال کی بیسمنٹ میں پانی چلاگیا۔ جہاں پر میڈیکل سٹور میں پانی داخل ہوگیا۔ سٹور میں پڑی ادویات تک پانی پہنچ گیا۔ جگہ جگہ سے چھت ٹپک پڑی  اور ایمرجنسی وارڈ میں پانی چلا گیا۔

میو ہسپتال میں ڈیڑھ ارب روپے سے تیار ایمرجنسی وارڈ کی چھت ایک بار پھر ٹپک گئی اور پانی مختلف حصوں میں داخل ہو گیا۔

جنرل اسپتال کے آپریشن تھیٹر میں پانی داخل:

لاہور کے جنرل ہسپتال میں پانی کے نئی فوٹیجز سامنے آگئیں۔ بارش کا پانی ہسپتال کے آپریشن تھیٹرز میں داخل ہو گیا۔ تھیٹرز میں پانی داخل ہونے کی فوٹیج پبلک نیوز نے حاصل کر لی۔ 

فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہسپتال کے مختلف تھیٹرز کی لاکھوں روپے مالیت کی مشینری پانی میں ڈوب گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل ہسپتال میں معمول کے جاری آپریشن بارش کاپانی آنے کی وجہ سے بند کرنے پڑے۔ بارش کا پانی مختلف وارڈز میں بھی داخل ہوا۔ مریض اور لواحقین بستروں تک محصور ہوکر رہ گئے۔ 

وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ کا میو اسپتال کا دورہ:

حالیہ بارش کے پیش نظر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ پروفیسر محمود ایاز نے میو ہسپتال کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد بارش کے پیش نظر ہسپتال میں نکاسی آب اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔

وائس چانسلر کے ہمراہ رجسٹرار کے ای ایم یو پروفیسر محمد عمران، سربراہ شعبہ پیڈز میڈیسن پروفیسر محمد ہارون حامد، چیف آپریٹنگ آفیسر میو ہسپتال پروفیسر فیصل مسعود اور دیگر موجود تھے۔

وائس چانسلر نے ایم ایس میو ہسپتال کے ہمراہ پیڈزمیڈیسن بلاک، ایمرجنسی بلاک اور آئی وارڈ کا دورہ کیا۔ وائس چانسلر نے تمام تر انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ پروفیسر محمود ایاز نے مریضوں اور لواحقین سے خیریت دریافت کی علاج معالجے کی یقین دہانی کروائی۔

دورے کے دوران آئی وارڈ تہہ خانے میں پانی موجود تھا جسے سی اینڈ ڈبلیو ٹیم نے فوری طور پر ختم کرا دیا۔ 

پروفیسر محمود ایاز کا کہنا تھا کہ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر کنگ ایڈورڈ سے ملحقہ تمام ہسپتالوں میں زہریلے کیڑوں کے کاٹنے کی ویکسین اور علاج میسر ہے۔ 

جنرل اسپتال کے میڈیکل اسٹور میں پانی سے ادویات ڈوب گئیں:

لاہور میں حالیہ ہونے والی بارش کے بعد جنرل اسپتال کے میڈیکل اسٹور میں پانی داخل ہوگیا۔ جس کے بعد مریضوں کیلئے رکھی گئی ادویات پانی میں ڈوب گئیں۔ 

سرگنگارام اسپتال کے آپریشن تھیٹر کی چھتیں ٹپکنے لگیں:

لاہور کے ایک اور ہسپتال میں بارش کا پانی داخل ہو گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سر گنگا رام ہسپتال کے آپریشن تھیٹرز کی چھتیں ٹپک پڑیں۔ سر گنگا رام ہسپتال کے آرتھو پیڈک اور ناک کان گلا وارڈ پانی سے بھر گئے۔ 

سر گنگا رام ہسپتال کی  تزین و آرائش کے بعد بارش کی فوٹیج پبلک نیوز نے حاصل کر لی۔ ہڈی جوڑ اور ناک کان گلا وارڈ  تالاب کا منظر پیش کررہے ہیں۔

چیف سیکرٹری پنجاب کا دورہ سروسز اسپتال

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا ہے اور نکاسی آب آپریشن کا جائزہ لیتے ہوئے بارش کے پانی کے نکاس کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان موسلا دھار بارش کے بعد سروسز ہسپتال پہنچ گئے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بارشی پانی کے جلد از جلد نکاس کا حکم دیا جبکہ ایمرجنسی سمیت مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔ نکاسی آب کے کام کا جائزہ بھی لیا۔ 

چیف سیکرٹری پنجاب نے واسا کو بارشی پانی کے جلد از جلد نکاس کیلئے مزید پمپوں کی تنصیب کی ہدایت کی اور اسپتالوں کو بارش کے پانی سے مکمل صاف کرنے کے احکامات دیے۔

Watch Live Public News