حکومت اسلامی بینکاری کے فروغ کیلئے پرعزم ہے: مشیر خزانہ

حکومت اسلامی بینکاری کے فروغ کیلئے پرعزم ہے: مشیر خزانہ
اسلام آباد: (اے پی پی) مشیر برائے خزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں اسلامی مالیات اور اسلامی بینکاری کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ اسلامی مالیات عالمی مالیاتی نظام کے تیزی سے ترقی کرنے والے شعبوں میں سے ایک ہے جو غیر مسلم ممالک سمیت دنیا بھر میں ترقی اور بہبود کیلئے مالی اعانت کا موثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو 10ویں اسلامک فنانس ایکسپو اینڈ کانفرنس سے اپنے ورچوئل خطاب میں کہی۔ مشیر خزانہ نے اپنے خطاب میں اسلامی بینکاری کے اہم شعبوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ اسلامی مالیات عالمی مالیاتی نظام کے تیزی سے ترقی کرنے والے شعبوں میں سے ایک ہے جو ناصرف مسلمان بلکہ غیر مسلم ممالک سمیت دنیا بھر میں ترقی اور بہبود کیلئے مالی وسائل اور اعانت فراہم کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی فنانسنگ رسک شیئرنگ کی ترویج کرتے ہوئے مالیاتی شعبے کو حقیقی معیشت سے جوڑتا ہے، اور مالی شمولیت اور سماجی بہبود پر زور دیتا ہے۔ پائیدار اقتصادی ترقی، غربت میں کمی اور مشترکہ خوشحالی کو فروغ دینے میں اسلامی مالیات کا اہم کردار ہے۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ زکوٰۃ، صدقات، وقف اور قرض حسنہ کے ذریعے قائم معاشی نظام معاشرے میں دولت کی موثر تقسیم کو یقینی بناتا ہے۔ اسلامی مالیات اور ماحولیاتی، سماجی اور گورننس مقاصد میں مماثلت ہے۔ رسک شیئرنگ اور سود سے گریز کی بنیاد پر قائم اسلامی مالیات تخفیف غربت، مالیات تک رسائی بڑھانے، مالیاتی شعبے کو ترقی دینے اور استحکام اور لچک پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی مالیاتی نظام کو ایک موثر اور فعال صنعت کے طور پر سامنے آنا چاہیے کیونکہ قرآن اور سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے سکھائے گئے معاشی اصول آج دنیا کو درپیش بڑے معاشی مسائل کے حل کے لیے مفید رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ رسک شئیرنگ شریعت کا بنیادی فقہ اور عدل کا معیاری اصول ہے۔ وزیراعظم کے مشیرنے اپنے خطاب میں مالی شمولیت، سماجی انصاف اور وسائل کی تقسیم کے حوالہ سے اسلام کے بنیادی اصولوں پر روشنی ڈالی اورکہاکہ اسلامی بینکاری اور مالیات کو قدر پر مبنی ثالثی اور سماجی طور پر ذمہ دارانہ سرمایہ کاری پر زیادہ توجہ دیتے ہوئے مالیاتی نظام میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے پیش قدمی کرنا چاہئیے ۔ اسلامی مالیاتی آلات کے استعمال میں اختراعات ضروری ہے،گرین سکوک اسلامی بنیاد پر ہونے والے سرمایہ کاری کے آلے کی ایک منفرد مثال ہے۔ وزیراعظم کے مشیرنے اسلامی مالیات اوربینکاری کے فروغ کیلئے ماہرین، شریعہ اسکالرز اور پیشہ ور افراد کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ملک میں اسلامی مالیاتی صنعت کی ترقی اور مضبوطی کے لیے پرعزم ہے۔

Watch Live Public News