بیجنگ: (اے پی پی) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ون بن نے کہا ہے کہ سی پیک کے اہم منصوبے گوادر پورٹ کا ہدف ترقی اور لوگوں کی معاشی زندگی میں بہتری لانا ہے۔ تمام منصوبوں نے تعلیم کے مواقع پیدا کرنے، ملازمتوں کے لیے درکار مہارتوں کو بہتر بنانے اور کورونا وائرس کے خلاف اقدامات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک) بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت ایک تاریخی اور مرکزی پروگرام ہے۔ سی پیک نے 2013ء میں آغاز کے بعد سے نتیجہ خیز اور قابل ذکر نتائج حاصل کیے ہیں۔ ترجمان وانگ ون بن نے کہا کہ گوادر پورٹ کے مکمل ہونے والے اہم منصوبوں چائنا پاکستان گوادر فقیر مڈل سکول، گوادر میں پیشہ ورانہ تربیت کا ادارہ، اور گوادر میں چائنا پاکستان فریٹرنٹی ایمرجنسی کیئر سنٹر نے مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے تعلیم کے مواقع پیدا کرنے، ملازمتوں کے لیے درکار مہارتوں کو بہتر بنانے اور کورونا وائرس کے خلاف اقدامات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے ساتھ مشترکہ طور پر سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھانے، گوادر پورٹ سمیت تمام منصوبوں کی تعمیر اور انہیں چلانے، دونوں ممالک میں لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے میں زیادہ مثبت کردار ادا کرنے، نئے مشترکہ مفاد مستقبل کے ساتھ چین پاکستان کمیونٹی کو قریب لانے کے لیے کام کرنے کے لیے تیار ہے۔ وانگ ون بن نے کہا کہ سی پیک منصوبے میں طویل عرصے سے لوگوں کی معاشی زندگی کو بہتر بنانے، لوگوں کی فلاح وبہبود اور مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ چین سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ مقامی لوگوں کو مزید فائدے پہنچائے جا سکیں۔