سال 2023 تمام تر رعنائیاں اورآب و تاب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا اور سال نو کا آغاز ہوگیا ہے۔ 12 بجتے ہی سال نو کے آغاز کے ساتھ ملک بھر میں آتش بازی اور جشن کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ کراچی میں سال نو کا آغاز ہوائی فائرنگ اور پٹاخوں کے ساتھ ساتھ ہلے گلے سے ہوا۔ صدر، لیاری، گارڈن، سچل، کورنگی، اورنگی، سائٹ، سرجانی، ملیر قائد آباد ، گلستان جوہر، لیاقت آباد، نیو کراچی ، بلدیہ ، کیماڑی میں ہوائی فائرنگ کی گئی۔سہراب گوٹھ، فیڈرل بی ایریا اور کلفٹن میں بھی ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔سال نو کا جشن منانے شہریوں کی بڑی تعداد ساحل سمندر پہنچ گئی۔ دوسری جانب لاہور میں لبرٹی چوک پر شہریوں کی بڑی تعدادنے نئے سال کا استقبال کیا، مری میں بھی بڑی تعداد میں سیاحوں نے نئے سال کا جشن منایا۔ اس کے علاوہ اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور اور دیگر شہروں میں بھی شہریوں نے سال نو کا جشن منایا۔ خیال رہے کہ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سال نو کی تقریبات پر پابندی کا اعلان کیا تھا اور عوام سے اپیل کی تھی کہ نئے سال کا سادگی سے استقبال کریں۔