ویب ڈیسک : بھارت کے چین کے ساتھ سرحدی علاقے لداخ کے دور افتادہ خطے میں ایک دریا کو عبور کرتے ہوئے ٹینک ڈوبنے سے پانچ بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی آرمی کمانڈ سینٹر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کو دریائے شیوک میں فوجی تربیت کے دوران پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافے کی وجہ سے ٹینک ڈوبا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ حادثہ چین کے ساتھ سرحد کے قریب سیسر برنگسا کے قریب پیش آیا۔
بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے واقعے کو ایک بد قسمت حادثہ قرار دیا۔
راج ناتھ سنگھ کا سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہنا تھا کہ وہ قوم کے بہادر سپاہیوں کی مثالی خدمات کو کبھی نہیں بھولیں گے۔
سوگواران سے دلی تعزیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ غم کی اس گھڑی میں قوم ان کے ساتھ ہے۔
یاد رہے کہ بھارت اور چین کی افواج مئی 2020 سے لداخ میں الرٹ ہیں۔
دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان اس وقت جھڑپیں ہوئی تھیں جن میں 20 بھارتی اور چار چینی فوجی مارے گئے تھے۔