ریاست کا عوام سے تعلق ماں اور اولاد جیسا ہوتا ہے

ریاست کا عوام سے تعلق ماں اور اولاد جیسا ہوتا ہے

ویب ڈٰسک: انسانی رشتوں کا شمار اللّٰہ کی بہترین نعمتوں میں ہوتا ہے۔ یہ قیمتی عطیہء ہمیں زمین پر ایک بہترین معاشرہ قائم کرنے کےلیے عطا کیا گیا ہے۔ 

ایک ایسا مثالی معاشرہ جس کی بنیاد امن، محبت اور سلامتی پر ہو ، تمام رشتے اہم اور خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ ایک رشتہ ایسا بھی ہے جس میں انسانی محبت اور خلوص اپنی معراج پر نظر آتی ہے۔اس بے لوث انسانی تعلق کا نام ہے ماں اور اولاد کا رشتہ ہے۔ 

پاکستان اور اس کے صوبوں کے مابین رشتہ بھی ماں اور اولاد کے رشتے کی مانند ہے جس کی بنیاد بے لوث محبت اور خلوص پر رکھی گئی ہے۔ چند ریاست دشمن پاکستان اور اسکی اولاد کے درمیان پھوٹ ڈلوانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ پاکستان کے چند صوبے اپنے مطالبات کو لے کر اس ماں جیسی ریاست سے ناراض جبکہ ماں تو اپنی اولاد کی آنکھوں میں ہمیشہ خوشی اور محبت کی چمک دیکھنا چاہتی ہے۔ ریاست نے ہمیشہ اپنے وسائل سے بڑھ کر کام کیا، روٹھی عوام کو ہمیشہ گلے لگایا، دور افتادہ مقامات پر سڑکیں بنائی، جہاں پانی بھی نہیں پہنچتا تھا وہاں سکول، کالج اور ہسپتال بنوائے۔ جہاں دن میں قدم رکھتے ہوئے بھی ڈر لگتا تھا وہاں حفاظتی اقدامات کیے۔ 

تاہم بچہ، بچہ ہی ہوتا ہے، اسکا احساس محرومی اتنی جلدی ختم نہیں ہوتا۔ بچے کو بہکانے والے یہ کہہ کر بھی بہکاتے ہیں کہ تمہاری حفاظت کرنے والے تمہارے وسائل ہرپ کر جائیں گے۔ لیکن ایک قانون، قدرت کا بھی ہے اور یہ رشتہ اسی قانونِ قدرت پر منحصر ہے۔ ماں اور اولاد کا رشتہ توڑا نہیں جاسکتا اور اس کے درمیان کوئی نہیں آسکتا۔ یہ وہی ماں تو ہے جس نے اپنی آنے والی نسلوں کی آبیاری کیلئے شہیدوں کا خون بہایا۔ اپنے پیٹ پر پتھر باند کر اپنی اولاد کو نوالے کھلائے اور اسکی ترقی کیلئے ہمیشہ فکر کی۔ یہ وہی بچہ ہے جس نے اپنی ماں سے ہمیشہ محبت کی، اپنی ماں کا زور بازو بنا اور جو اپنی ماں کا لخت جگر ہے ۔وہ دن دور نہیں جب اپنی ماں سے یہ ناراض بچہ، اپنی ضد اور غلط فہمی کی دیوار توڑ ڈالے گا اور دشمنوں کی نہیں بلکہ اپنے دل کی سنے گا۔ 

تمام رنجشیں بھلا کر اپنی ماں کی آغوش میں سر رکھ دے گا اور گھر میں ایک بار پھر ماں کی میٹھی لوریوں کی آوازیں سنائی دیں گی۔ دشمن اپنے ہاتھ ملتے رہ جائے گا اور گھر ایک بار پھر ایک مثالی گھر بن جائے گا۔ ایک ایسا گھر جس کے اتفاق اور اتحاد کی مثالیں پوری دنیا میں دی جائیں گی۔ 

اسی لیے تو ہم کہتے ہیں کہ ماں اور اولاد کے رشتے کے درمیان جو بھی آئے گا وہ بہت پچھتائے گا۔

Watch Live Public News