پاکستان کا پہلا ’کورونا فری‘ صوبہ کون سا ہے؟

پاکستان کا پہلا ’کورونا فری‘ صوبہ کون سا ہے؟
گلگت (پبلک نیوز) گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ وہاں پر اب عالمی وبا کورونا وائرس کا کوئی مریض نہیں رہا۔ اس لیے یہ پاکستان کا پہلا کورونا فری صوبہ بن چکا ہے۔ترجمان برائے کورونا وائرس ڈاکٹر شاہ زمان نے اس حوالے سے واضح کیا کہ گلگت بلتستان میں کورونا کا آخری مریض جو زیر علاج تھا، اب صحت یاب ہو چکا ہے۔ گلگت بلتستان میں اب اس عالمی وبا سے متاثرہ کوئی بھی مریض نہیں۔دوسری جانب سول ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے گلگت بلتستان اور سکردو کا فضائی سفر کرنے والے افراد کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ 50 سال سے زائد عمر کے افراد ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر طیاروں میں سوار نہیں ہو سکیں گے۔ٹریول ایڈوائزری کا مقصد پاکستان میں کورونا وائرس ایس او پیز پر عمل در آمد کو یقینی بنانا اور ہیلتھ پروٹوکول کو یقینی بنانا ہے۔ ان دونوں عزائم کے ساتھ سیاحت کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے اور اس کا فروغ بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔تازہ جاری کردہ ایڈوائزری کا اطلاق یکم جون یعنی آج سے ہو گا۔ کورونا سے بچاؤ اور کیسز میں کمی کے لیے ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے۔ حکومت کی جانب سے ویکسی نیشن بہت تیزی سے کی جا رہی ہے۔ایڈوائزری کے مطابق 30 سے 50 سال کے درمیانی عمر کے افراد کو اس شرط پر طیاروں میں سفر کی اجازت ہو گی کہ وہ سفر کے مقرر کردہ وقت سے 72 گھنٹوں کے اندر پی سی آر کے منفی نتائج پر مبنی رپورٹ جمع کرائیں گے۔سول ایشن اتھارٹی کے مطابق عمر سے متعلق مقرر کردہ یہ حد عبوری ہے اور یکم جولائی سے عمر کے حوالے سے یہ پابندی لاگو نہیں ہو گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔