برطانیہ میں جنوبی افریقا کے کرکٹر پر حملہ، شدید زخمی

برطانیہ میں جنوبی افریقا کے کرکٹر پر حملہ، شدید زخمی
انگلینڈ میں انڈر 19 کرکٹ کھیلنے والے جنوبی افریقا کے کھلاڑی مونڈلی خمالو کو ایک حملے میں شدید زخمی کر دیا گیا ہے۔ نوجوان کرکٹر اس وقت ہسپتال میں موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مونڈلی خمالو پر حملہ ایک کلب کے باہر کیا گیا۔ نامعلوم افراد نے ان کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے ان کی حالت غیر ہو گئی۔ موقع پر موجود لوگوں نے پولیس اور امدادی ٹیموں کو اطلاع کی۔ پولیس واقعے کے فوری بعد موقع پر پہنچی اور ایمبیولینس کے ذریعے مونڈلی خمالو کو ہسپتال داخل کرایا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقی کرکٹر کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، ان کو آئی سی یو میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا لیکن تحقیقات میں یہ چیز سامنے آئی کہ وہ اس حملے میں ملوث نہیں، اس لئے پولیس نے اسے چھوڑ دیا ہے۔ کرک انفو کے مطابق 20 سالہ جنوبی افریقی کھلاڑی مونڈلی خمالو اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر برطانیہ آئے تھے۔ مونڈلی خمالو کے کیرئیر پر بات کی جائے تو وہ اب تک جنوبی افریقا کی جانب سے انڈر نائنٹین کرکٹ میں ایک لسٹ اے میچ اور چار فرسٹ کلاس میچز کھیل چکے ہیں۔ نارتھ پیتھرٹن کرکٹ کلب نے اپنے نوجوان کھلاڑی پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس واقعے پر شدید رنجیدہ ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ مونڈلی خمالو جلد صحتیاب ہوکر کرکٹ کے میدان میں واپس آئیں گے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔