' پاکستان ترکی کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے'

' پاکستان ترکی کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے'
انقرہ: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان مذہبی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات ہیں، پاکستان ترکی کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مشترکہ تاریخ اور مقاصد پر مبنی ہیں، یہ تعلقات نسل در نسل جاری ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس سال دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے صدر اردوان سے ملاقات کو انتہائی نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ترک صدر کی فعال قیادت میں دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیر تنازع پر ترکی کی حمایت کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستانی عوام کشمیر تنازع پر ترکی کے واضح مؤقف پر مشکور ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک ترک اعلیٰ قیادت میں آئندہ ملاقات ستمبر میں پاکستان میں ہوگی ، ستمبر میں ترک صدر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں ، پاکستان ترکی کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان امن کا خواہاں ہے اور خطے میں امن کیلئے کام کرتا رہے گا۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ ملاقات کے دوران انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کے دائرہ کار کو بڑھانے کا بھی اعادہ کیا۔ صدر اردوان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی دوستی اور تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔