لاہور (پبلک نیوز) کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی تجویز پر صوبائی دارالحکومت کے مزید 15علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم نے سمارٹ لاک ڈاؤن نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفیکیشن 13 مئی تک نافذالعمل رہے گا۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق زیادہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والوں علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جا رہا ہے۔ لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن میں مصطفی ٹاؤن اور پی آئی اے سوسائٹی میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔ لاہور کینٹ میں ڈی ایچ اے فیز-1، فیز -5، عارف جان روڈ اورایڈن کاٹیج کو بند کر دیا گیا ہے۔
داتا گنج بخش ٹاؤن کے علاقے میسن روڈ، سنت نگر، راج گڑھ ، اسلام پورہ، ساندہ اور شاہ جمال میں بھی سمارٹ لاک ڈاون لگا دیا گیا ہے۔ گلبرگ میں گارڈن ٹاؤن کے علاقے اتا ترک بکر بلاک اور ماڈل ٹاؤن ڈی بلاک کو بند کر دیا گیا ہے۔ شالیمار ٹاؤن کا علاقہ سٹاف کالونی UET میں بھی لاک ڈاون لگا دیا گیا ہے۔
لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تمام شاپنگ مالز،ریسٹورانٹ،دفاتر(نجی اور سرکاری) بند رہیں گے۔ علاقہ مکینوں کی نقل و حمل محدود ہو گی،انتہائی ضرورت کے پیش نظر ایک فرد ایک سواری استعمال کر سکے گا۔ ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی ہو گی۔
سارہ اسلم کا کہنا ہے کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کا مقصد کورونا سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں سے لوگوں کی آمدورفت کو محدود کرنا ہے۔ متاثر ہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن سے ہی کورونا سے زیادہ لوگوں کو متاثر ہونے کے خطرے سے بچا یا جا سکتاہے۔