اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے انکشاف کیا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے سات افراد مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں ۔ وفاقی دارالحکومت میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں تہلکہ خیز انکشاف کیا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے، مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں۔ میرا کل دو بار پیچھا کیا گیا، تھانہ سیکریٹریٹ اور کوہسار میں درخواست دے آیا ہوں۔ شیخ رشید نے کہا کہ آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی،ڈی جی آئی بی کو بھی درخواست دی ہے کہ یہ سات افراد مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، اگر مجھے کچھ ہوا تو نوازشریف ،شہبازشریف ،حمزہ،سلیمان، سلمان نواز اور راناثناء اللہ ذمے دار ہونگے۔انہوں نے کہا کہ تھانےمیں جمع کرائی درخواست کی کاپی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو دینے جارہا ہوں۔ پریس کانفرنس میں سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہاامپورٹڈ حکومت مجھے لانگ مارچ سے پہلے گرفتار کرنا چاہتی ہے، انہیں کہتا ہوں کہ مجھے گرفتار کرنے کا شوق پورا کرلیں، جیل تو میرے سسرال ہے۔ سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اگر عمران خان اور مجھے گرفتار کریں گے تو لوگ خود اسلام آباد آجائیں گے۔ پاکستان میں سیاسی عمل کو بے عمل کیاگیا، آصف زرداری یہی چاہتے تھےکہ پنجاب میں گند پھیلے تو پھیل گیا ہے، یہ ہمیں سلیکٹڈ کہتے تھے آج ہم ان کو امپورٹڈ کہتے ہیں۔