اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شہباز گل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں ڈال دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد عمران خان کے سابق چیف آف اسٹاف اور تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا نام ای سی ایل میں شامل کردیا گیا ہے۔ اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر شہباز گل کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔ شہباز گل کو دو ماہ قبل بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق شہباز گِل کے خلاف مقدمے میں اداروں اور ان کے سربراہوں کے خلاف اکسانے سمیت دیگر دفعات بھی شامل تھیں۔ عمران خان نے شہباز گل کی گرفتاری پر کہا تھا کہ یہ گرفتاری نہیں بلکہ اغوا ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ شہباز گل کے خلاف ایف آئی آر اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں درج کی گئی تھی ، جس میں ان کے خلاف مبینہ طور پر آرمی کے اہلکاروں اور افسران کو بغاوت پر اکسانے کی دفعات شامل تھیں۔