ویب ڈیسک: پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی منگنی بوم بوم شاہد آفریدی کی صاحبزادی سے ہوئی۔ جس کے بعد ان کی شادی کے حوالے سے چہ مگوئیاں شروع ہو چکی ہیں۔ بہت سے شائقین ان کی شادی کے حوالے سے بے تاب ہیں۔ شاہین نے اپنی شادی کی حوالے سے خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں شادی کرنے کی کوئی جلدی نہیں ہے اور فی الحال اپنی کرکٹ پر توجہ دے رہے ہیں۔ وہ مستقبل میں شادی کے بارے میں سوچیں گے۔ مقامی اخبار کو دیئے گئے ایک ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ شادی کے بارے میں ابھی تک سوچا نہیں کیونکہ کرکٹ پر ابھی توجہ دے رہا ہوں۔ شادی کے حوالے سے ایسی کوئی جلدی بھی نہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کی شادی کے بعد ان کے مداحوں کا دل ٹوٹ جائے گا تو شاہین آفریدی نے مسکرا کر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی بڑی بیٹی سے شاہین آفریدی کی منگنی کی خبریں اس سال کے شروع میں سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئیں۔ کچھ دنوں بعد شاہد آفریدی نے اس خبر کی تصدیق کی کہ شاہین آفریدی ان کی بیٹی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ ایک نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہد آفریدی سے سٹار پیسر شاہین کے ساتھ اپنی بیٹی کی منگنی کے بارے میں پوچھا گیا جس پر انہوں نے جواب دیا کہ اگر خدا نے چاہا تو نوجوان بولر مستقبل میں ان کا داماد ہوگا۔ شادی کے حوالے سے شاہد آفریدی نے کہا ان کی بیٹی ڈاکٹر بننا چاہتی ہے اور فی الحال یہ طے نہیں ہے کہ وہ مزید تعلیم پاکستان سے حاصل کرے گی یا انگلینڈ۔