طالبان نے افغان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا دورہ کی منظوری دیدی

طالبان نے افغان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا دورہ کی منظوری دیدی
کابل (ویب ڈیسک) طالبان نے اپنے قبضے کے بعد افغانستان کے پہلے کرکٹ ٹیسٹ ٹور کی منظوری دے دی ہے۔ امید ظاہر کی ہے کہ گروپ کے نئے اصول کے تحت بین الاقوامی میچ معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو حامد شنواری نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہمیں ٹیم کو آسٹریلیا بھیجنے کی منظوری مل گئی ہے۔ 2001 سے پہلے طالبان کی جانب کھیلوں اور دیگر تفریحی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جبکہ کھیلوں کے مقامات کو عوامی پھانسی کے مقامات کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔ تاہم اب دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے بعد طالبان نے کرکٹ پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا جبکہ یہ کھیل بہت سے جنگجوؤں میں مقبول ہے۔ ہوبارٹ میں 27 نومبر سے یکم دسمبر تک کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ پچھلے سال شیڈول تھا لیکن کوویڈ 19 اور بین الاقوامی سفری پابندیوں کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا۔ یہ آسٹریلیا میں افغانستان کا پہلا ٹیسٹ ہوگا۔ آسٹریلیا کے دورے سے قبل افغانستان کی ٹیم 17 اکتوبر سے 15 نومبر تک متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔ تصدیق کی گئی ہے کہ افغانستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم رواں ماہ کے آخر میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔ گزشتہ ماہ طالبان کے کابل میں داخل ہونے کے بعد افغانستان سے امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کے بعد سے یہ خدشہ تھا کہ کرکٹ اور دیگر کھیل متاثر ہوں گے۔ لیکن اے سی بی حکام نے دوٹوک انداز میں کہا کہ کرکٹ کو طالبان کی حمایت حاصل ہے۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔