پاکستان مسئلہ کشمیر کیلئے مذاکرات پر یقین رکھتا ہے

پاکستان مسئلہ کشمیر کیلئے مذاکرات پر یقین رکھتا ہے
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات اور ڈپلومیسی پر یقین رکھتا ہے۔ پاکستان خطے کے مسائل کو شراکت داری کے ساتھ حل کرنے کی طرف گامزن ہے۔ پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی میزائل کے پاکستانی حدود میں گرنے کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مطالبہ کیا ہے کہ اس کی تحقیقات کی جائیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات اسلام آباد سیکیورٹی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کو دہشت گردی، موسمیاتی تبدیلی اور غربت جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم نے بے شمار قربانیاں دے کر دہشت گردی پر قابو پایا۔ خطے کی سکیورٹی اور استحکام ہماری پالیسی میں شامل ہے۔ ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر خطے کے امن کے لئے کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقاصد کے حصول کیلئے ملک کے اندر اور باہر امن ضروری ہے۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغان عوام کی مدد کے لئے مزید کام کی ضرورت ہے۔ پاکستان نے عالمی اداروں سے مل کر افغانستان کی مدد کی۔ پابندیاں لگانے کی بجائے افغانستان کے مثبت رویے کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ روس یوکرین جنگ کے اہم معاملے پر بات کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان مذاکرات پر یقین رکھتا ہے۔ یوکرین کے بحران میں عوام کو بھلایا نہ جائے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔