لاہور(پبلک نیوز) سیشن کورٹ میں شوگر مل کیس میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی عبوری درخواست ضمانت پر کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 16 اگست تک توسیع کر دی.
ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے بطور ڈیوٹی جج کیس پر سماعت کی. عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے سے انکوائری کے متعلق رپورٹ طلب کر لی. عدالت میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز نے حاضری مکمل کرائی.
شہبازشریف اور حمزہ شہباز العربیہ شوگر مل اور رمضان شوگر مل کیس میں عبوری ضمانت کے لیے پیش ہوئے، ایف آئی اے کے مطابق حمزہ شہباز پر مبینہ 25 ارب کی منی لانڈرنگ کا الزام عائد ہے، حمزہ شہباز رمضان شوگر مل کے سی ای او تھے.
دوران سماعت شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز کا کہنا تھا کہ چودہ تاریخ تک قومی اسمبلی کا اجلاس ہے ،شہباز شریف قومی اسمبلی کے قاٸد حزب اختلاف ہیں ، شہباز شریف نے آئینی ذمہ داریاں پوری کرنی ہیں، سپریم کورٹ کے اس حوالے سے فیصلے موجود ہیں ،عدالت چھٹیوں کےبعد کیس کی سماعت رکھے .
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سولہ تاریخ کو شہباز اور حمزہ کے دیگر کیسز بھی ہیں لہذا اسی دن کی تاریخ رکھی جائے ،کیا آپ کا بھی سیشن چل رہا ہے ، عدالت کا حمزہ شہباز سے استفسار. حمزہ نے کہا جی ہمارا بھی سیشن چل رہا ہے آج بھی اجلاس ہے . بعدازاں عبوری ضمانت ملنے پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت سے واپس روانہ ہو گئے.