اسلام آباد: امریکا کے افغانستان میں گزشتہ روز کیے گئے انسداد دہشتگردی آپریشن سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ عاصم افتحار کا کہنا ہے کہ افغانستان میں انسداد دہشت گردی آپریشن کے حوالے سے میڈیا میں امریکی بیان اور رپورٹس دیکھی ہیں، پاکستان دہشت گردی کی ہر قسم اور شکل میں شدید مخالفت کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا کردار اور قربانیوں سے دنیا آگاہ ہے، پاکستان عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دہشت گردی کا خاتمہ چاہتا ہے۔ واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ڈرون حملہ کرکے القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا۔