ویب ڈیسک: غریب محنت کش کی خون پسینے کی کمائی بھتے میں چھیننے والا جعلی صحافی لاہور میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ داتا دربار نے کارروائی کرتے ہوئے معذور شہری سے بھتہ لینے والا جعلی صحافی گرفتار کرلیا ہے۔ دونوں ٹانگوں سے معذور شہری کی بددعا اثر کر گئی۔ پڑھے لکھے صحافیوں کے لیے بدنامی کا باعث بننے والے خود ساختہ صحافی ملک قدیر کو گرفتار کر لیا گیا۔
داتا دربار پولیس نے جعلی صحافی کو بھتہ لینے کے جرم میں گرفتار کیا۔ دو نمبر صحافی دونوں ٹانگوں سے معذور محنت مزدوری کرنے والے شہری کو بلیک میل کرتا تھا۔ خود ساختہ صحافی معذور شہری سے عرصہ دراز سے بھتہ وصول کر رہا تھا۔
ملزم کی گرفتاری پر معذور شہری نے لاہور داتا دربار پولیس کو دعائیں دیں۔ متاثرہ شہری نے کہا کہ معذوری کی حالت میں محنت مزدوری کر رہا ہوں۔ آئے روز انتظامیہ کے سرکاری افسران کا نام لے کر بلیک میل کرتا تھا اور پیسے لے جاتا تھا۔
ایس ایچ او داتا دربار پولیس اسٹیشن کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایس پی سٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صحافت جیسے معتبر پیشے کی بدنامی کا باعث بننے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔