اداکارہ میرا نے فیملی کورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کر رکھی تھی جس میں اداکارہ کو عتیق الرحمان کی اہلیہ قرار دیا گیا تھا۔ اداکارہ میرا نے اپنی اپیل میں موقف اختیار کیا تھا کہ عتیق الرحمان کی بیوی نہیں ہوں، اس نے جعلی نکاح نامی تیار کروایا جو ان کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔ لاہور کی فیملی کورٹ کے جج بابر ندیم نے 2018ء میں مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے اداکارہ میرا کے تکذیب نکاح کا دعویٰ جھوٹا قرار دیا تھا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اداکارہ میرا اور عتیق الرحمان کے درمیان وجہ تنازع ڈیفنس میں واقع گھر تھا، جس پر دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف فوجداری مقدمات قائم کئے، اور جو گذشتہ 10 سالوں سے کورٹس میں زیر التوا رہے۔
لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ میرا کی والدہ شفقت زہرا نے تکذیب نکاح پر عدالت کا فیصلہ قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ عتیق الرحمان اور میرا کی شادی کے حوالے سے جو فیصلہ کیا گیا ہے، میں اسے تسلیم کرتی ہوں۔ اداکارہ میرا کی جانب سے جاری ایک ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے میری بیٹی کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دیدیا ہے، یہ فیصلہ مجھے قبول ہے۔ تاہم میں مطالبہ کرتی ہوں کہ عتیق الرحمان میری بیٹی کو اپنے گھر لے جائے اور شریعت کی رو سے اس کا جو بھی نان ونفقہ بنتا ہے وہ اسے ادا کرے۔ شفقت زہرا کا کہنا تھا کہ میں میرا اور عتیق الرحمان کے درمیان صلح کروانے میں اپنا کردار ادا کروں گی۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز لاہور کی سیشن عدالت نے لالی ووڈ اداکارہ میرا اور عتیق الرحمان کا نکاح نامہ درست قرار دیدیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج مظہر عباس نے تکذیب نکاح کی اپیل مسترد کرتے ہوئے اپیل کا فیصلہ سنایا تھا۔