اسلام آباد: ( پبلک نیوز) سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے گورنر بلوچستان کے سکواڈ میں شامل گاڑی کا چالان کروا دیا ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ چیف جسٹس کی تقریب حلف برداری کے بعد ایوان صدرِ سے پیدل سپریم کورٹ آ رہے تھے کہ اچانک انہوں نے ججز گیٹ کے قریب سیاہ شیشوں والی گاڑی کھڑی دیکھ کر اپنی سکیورٹی کے لئے مامور عملے کو اس کی نشاندہی کی۔ اطلاعات کے مطابق یہ گاڑی گورنر بلوچستان کے سکواڈ کا حصہ ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے گورنر بلوچستان کے سکواڈ میں شامل پولیس کی گاڑی کا 600 روپے کا چالان کروا دیا۔ جبکہ ٹریفک پولیس نے گاڑی پر لگے کالے شیشے بھی اتار دیے۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے گذشتہ روز فٹ پاتھ پر لگے قومی صحت کارڈز کے بورڈ بھی فوری طور پر ہٹانے کی ہدایات جاری کی تھیں۔