اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان چینی قیادت کی خصوصی دعوت پر سرمائی اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے 3 سے 6 فروری 2022ء تک چین کا دورہ کریں گے۔ کابینہ کے ارکان اور سرکاری حکام سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تین روزہ دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان، صدر شی جن پنگ اور چینی وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات کرینگے۔ پاکستان اور چینی رہنما ملاقاتوں میں سی پیک سمیت مستحکم تجارتی اور بالخصوص اقتصادی تعاون سمیت دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے۔ پاکستانی اور چینی رہنما اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیراعظم بیجنگ میں چین کے ممتاز کاروباری رہنماؤں اور چین کے سرکردہ تھنک ٹینکس، تعلیمی اداروں اور میڈیا کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم اس موقع پر دیگر دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ایک عالمی ایونٹ کے طور پر، سرمائی اولمپک گیمز کا دنیا کے لوگوں کے درمیان باہمی افہام وتفہیم، شمولیت اور دوستی کو فروغ دینے میں اہم کردار ہے۔ بیجنگ جلد ہی اولمپک گیمز کے موسم گرما اور سرما دونوں ایڈیشن کی میزبانی کرنے والا پہلا شہر بن جائے گا۔ یہ بات انتہائی قابل تعریف ہے کہ چینی حکومت نے کوڈ 19 وبائی امراض کے باوجود سرمائی اولمپک گیمز کے انعقاد کے لئے محتاط انتظامات کر رکھے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان شراکت داری کو بلندیوں کی نئی سطح تک لے جانے کے لیے دو طرفہ عزم کی تجدید کرے گا اور متعدد شعبوں میں تعاون کو مزید تقویت دے گا۔ اس دورے کے دوران متعدد ایم او یوز اور معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے۔