(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انساف کے رہنما و سینئر وکیل حامد خان کا کہنا ہے کہ ہماری عدلیہ درست کام نہیں کر رہی، ججز مجبور ہیں ان سے ایسے فیصلے لئے جارہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما اور سینئر وکیل حامد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کس انداز سے ٹرائل ہو رہا ہے تحقیقات کیسے ہورہی ہیں، ہماری عدلیہ درست کام نہیں کر رہی۔انہوں نے کہا کہ حیرت ہے دو دن میں 18 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے اور ان 18 گواہوں پر جرح بھی کر لی گئی۔
سینئر وکیل کا کہنا تھا کہ اس وقت اعلی عدلیہ ایسے معاملات پر نوٹس نہیں لے رہی، ضروری نہیں کوئی جاکر عدالت کو بتائے عدالت کو خود انسانی حقوق پر نوٹس لے۔
حامد خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کینسر کی مریض اور ضعیف خاتون ہیں، بشری بی بی کو پتہ نہیں کن مقاصد کیلئے بنی گالہ قید کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم وکلاء ہیں مشکل حالات میں بھی عدلیہ کے ایسے حالات نہیں دیکھے، ایسے فیصلے کینگرو کورٹس کرتی ہیں جنہیں عدالتیں نہیں مانا جاسکتا۔ ججز مجبور ہیں ان سے ایسے فیصلے لئے جارہے ہیں۔
انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق سینئر وکیل حامد خان نے بتایا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے امیدواروں سے ابھی کاغذات نامزدگی طلب کئے گئے ہیں۔