اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا قوم کااداروں کوپیغام ہےکہ ابھی بھی وقت ہےملک کوبچالو، ایسا نہ ہو کہ سب کے ہاتھ سے گیم نکل جائے پھر چاہو گے بھی تو نہ روک سکو گے۔ پریڈ گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ قوم کسی صورت ان ڈاکوؤں کو قبول نہیں کرے گی، میں اپنے ملک کے اداروں کے خلاف جنگ کرنے نہیں نکلا بلکہ امپورٹڈ حکومت کے خلاف نکلا ہوں۔ عوام کی منتخب حکومت کو ہٹا کر ملک کے بڑے ڈاکوؤں کو مسلط کیا گیا، امریکی سازش اور یہاں کے میر جعفروں نے مل کر منتخب حکومت کو ہٹایا۔ عمران خان نے کہا کہ آج ملک بھر کے عوام نکلے ہیں اور آج عوام اداروں کو پیغام دے رہی ہے کہ پاکستان کو ان چوروں سے بچالو ایسا نہ ہو کہ سب کے ہاتھ سے گیم نکل جائے پھر چاہو گے بھی تو نہ روک سکو گے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کیا دھرنا نہیں دوں گا اس کی وجہ یہ تھی کہ ہماراجینا مرنا پاکستان میں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ظلم کیا لیکن یقین ہے ساری پولیس ایسی نہیں ہے مجھے پتہ ہے اس دن دھرنا دےدیتا تواسلام آباد میں حالات خراب ہوتے۔ سابق وزیر اعظم نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ اب یہ پھر این آر او ٹو لے رہے ہیں، آصف زرداری بھی ملک سے باہر رہا ان کے اثاثے باہر ہیں، زرداری 50 مرتبہ دبئی گیا اور نوازشریف حکومتی خرچے پر 22 مرتبہ لندن گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے حسین حقانی کے ذریعےامریکا کو پیغام دیا کہ فوج سے بچالو اور نوازشریف جب بھارت گیا توحریت رہنماؤں سے نہیں ملا یہ اس لیے کشمیری رہنماؤں سے نہیں ملا کہ کہیں مودی ناراض نہ ہوجائے۔ عمران خان نے کہا کہ آج ہمارے لیڈرکہتے ہیں ہم بھکاری ہیں اس لیےامریکا کی غلامی کررہے ہیں جبکہ دوسراکہتا ہے ہم وینٹی لیٹر پر ہیں اس لیے امریکا کی غلامی کررہے ہیں۔ پاکستان کو بھکاری ان دو خاندانوں نے بنایا جنہوں نے 30 سال حکومت کی۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے مزید کہا کہ حکومت نے ہم سب پر ایف آئی آر کاٹی ہوئی ہیں، عمران ریاض، صابر شاکر، ارشد شریف، سمیع ابراہیم پر مقدمے بن رہے ہیں یہ وہ لوگ ہیں جو اس ملک کے لیے اپنی آواز اور قلم کو استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آخرت میں سب سے سوالات ہوں گے اور پوچھا جائے گا اللہ نیوٹرلز سے بھی پوچھے گا کیسے ان چوروں کو قوم پر مسلط ہونے دیا آج چھوٹے چور جیلوں میں ہیں اوربڑے چور ہم پر مسلط ہیں۔