مسلم لیگ(ن) کا پری بجٹ سیمینار کا اعلان

مسلم لیگ(ن) کا پری بجٹ سیمینار کا اعلان
لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے اعلان کیا ہے کہ 'پری بجٹ' سیمینار 3 جون کواسلام آباد میں ہوگا ٗ سیمینار کا اہتمام پارٹی صدر شہباز شریف کی ہدایت پر مسلم لیگ (ن) کی اکنامک ایڈوائزری کونسل نے کیا ہے اور سیمینار کا عنوان "عمران خان کی حکومت میں ڈوبتی معیشت" ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے معاشی اعدادوشمار کی ساکھ ، تخمینہ جات اور معاشی ٹیم کی باربار تبدیلی پر حقائق بیان کئے جائیں گے ٗ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے متعلق موازنہ اور جائزہ پیش ہوگا ٗ کورونا وبا کے پھیلاو، انسداد، کورونا کے معاشی اثرات اور پی ٹی آئی کی کارکردگی پر حقائق نامہ پیش ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ سیمینار میں پارٹی صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف خطاب کریں گے ٗ سیمینار تمام سماجی میڈیا نیٹورکس پر وڈیو لنک کے ذریعے براہِ راستنشر کیا جائے گا، عوام آن لائن حصہ لے سکیں گے ٗ سیمینار میں موجودہ حکومت کے تین سال کی معاشی اور دیگر شعبہ جات میں کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیمینار میں پاکستان مسلم لیگ (ن) دور حکومت کی معاشی کارکردگی کا جائزہ پیش کیاجائے گا ٗ سیمینار میں بتایا جائے گا کہ 2018 میں پاکستان کہاں تھا اور 2021 میں آج کہاں کھڑا ہے ٗ آئی ایم ایف، بجٹ فریم ورک، مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی دور میں پنجاب کی کارکردگی کا موازنہ پیش کی جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک پر مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی دور کے موازنے ، ترقی اور تعلیم کے شعبہ جات سے متعلق حقائق بھی پیش ہوں گے ٗ گردشی قرض میں اضافے، بجلی اور گیس کی قیمتوں پر ماضی اور حال کا فرق واضح اور اس کی وجوہات پر روشنی ڈالی جائے گی۔

Watch Live Public News