”حکومتی پالیسیوں کے سبب مہنگائی کا سونامی معاشرے کو بے رحمی سے نگل رہا ہے“

”حکومتی پالیسیوں کے سبب مہنگائی کا سونامی معاشرے کو بے رحمی سے نگل رہا ہے“

لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ مئی میں مہنگائی 17 فیصد اور اپریل میں 21 فیصد کی بلند ترین سطح پر ہے۔ یہ ہے عوامی حقیقت اتنی زبردست مہنگائی نے عوام کی کمرتوڑ کر رکھ دی ہے۔

شہبازشریف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ بھوک اور افلاس نے غریبوں کے گھروں میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ آٹا، دالیں، سبزی، گوشت، خوردنی تیل، بجلی گیس سمیت تمام اشیائے ضروریہ بلند ترین سطح پر ہیں۔اس مہنگائی سے عام لوگ اور مڈل کلاس پس کر رہ گئی ہے۔ دودھ، چینی اور آٹا ہر مزدور کی روز کی ضرورت ہے جن کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔ آمدن میں کمی نے عوام کی دو وقت کی روٹی ناممکن بنا دی اور ان کا جینا دوبھر ہوچکا ہے۔ ایک سال میں غریب عوام کے بجلی کے بلوں میں 60 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ تمام صارفین کے بجلی کے بلوں میں ایک سال میں 21 فیصد اضافہ ہوا۔ حکومت کی پالیسیوں اور نااہلی کے سبب مہنگائی کا سونامی معاشرے کو بے رحمی سے نگل رہا ہے۔ 2013 سے 2018 میں غربت میں کمی کی مسلم لیگ (ن) کی پانچ سال کی محنت 3 سال میں ضائع کردی گئی۔ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور میں 2 کروڑ لوگوں کو انتہائی غربت سے نکالا تھا۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ مافیاز کے پیٹ بھرنے والی حکومت نے پانچ کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے دھکیل دئیے۔ عوام کی بدترین غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کا کلنک عمران خان نیازی کے ماتھے پر لگ چکا ہے۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔