شانگلہ: سابق وزیر اعظم عمران خان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ پوری قوم سے کہتا ہوں پھر تیاری کریں، ہفتے کو دیر آرہا ہوں وہاں جلسے میں اگلا لائحہ عمل دوں گا اور جب اگلا لائحہ عمل دوں تو پھر آپ کو تیار ہونا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے شانگلہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 75سال پہلے ایک نعرے کے اوپر بنا تھا،ہمارے دین کا راز کلمے میں ہے،ہمارے دین میں شرک کی گنجائش نہیں،میں پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے نکلاہوں،آزادی قوم کے مفاد میں فیصلے کرنے کا نام ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے ،بھارت نے کچھ روز پہلے پیٹرول کی قیمت کم کی،غلام ذہن ملک اور عوام کو نقصان پہنچاتے ہیں،ہماری حکومت بھی روس سے 30 فیصدکم قیمت پرتیل خریدناچاہتی تھی لیکن سازش سےہماری حکومت ختم کردی گئی۔ جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ جب سے حکومت آئی ہے ہر شے مہنگی ہوئی ہے، پاکستان امریکی اجازت کے بغیر روس سے سستا تیل نہیں خریدسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی سپر پاور کو نہیں مانتے، خیبرپختونخوا میں آزادی کی تحریک کی تیاری کررہاہوں، ہم نے بھرپور تحریک چلانی ہے۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم امپورٹڈ حکومت کو مانتے ہیں اور نہ ہی ہماری قوم مانتی ہے، جب تک صاف اور شفاف الیکشن نہیں کرائیں گے ہم انکو تسلیم نہیں کریں گے، امریکہ کی خوشنودی سے آنے والوں کو کبھی نہیں مانیں گے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے دو سال میں ہمارے ملک کی دولت میں اضافہ ہو رہا تھا، پچھلی حکومتوں کے مقابلے میں ہم نے سب سے زیادہ روزگار فراہم کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ابھی مسلط ہوئے ہیں ملک کو دیوالیہ کی طرف لے کر جا رہے ہیں، لوگ جانتے ہیں پاور نیوٹرلز کے پاس ہے، لوگ آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پولیس کا غلط استعمال کررہے ہیں، پرامن احتجاجی مظاہرین پر انہوں نے ظلم کیا، پرامن مظاہرین پر تشدد کوئی جمہوریت اجازت نہیں دیتا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جلسے میں کہا کہ یہ الیکشن کمیشن سے مل کر دھاندلی کی تیاری کررہے ہیں، جمہوریت میں اس طرح میڈیا پر پابندی نہیں لگتی، یہ لوگ محب وطن پاکستانیوں پر مقدمہ درج کررہے ہیں۔قوم سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم تیاری کریں، دیر جلسے میں اپنا اگلا لائحہ عمل دوں گا اور جب اگلا لائحہ عمل دوں تو پھر آپ کو تیار ہونا ہے۔