ویب ڈیسک: کھیل کے میدان سے اچھی خبر ہے، پاکستان کے احسن ایاز نے امریکا میں ہونے والا کولی ول اوپن اسکواش ٹورنامنٹ جیت لیا ہے، فائنل میں احسن نے بھارت کے یاش بھارگوا کو شکست دی۔
تفصیلا ت کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں ہونے والے کولی ول اوپن اسکواش میں تھرڈ سیڈ احسن نے بھارتی حریف یاش کو تین۔ایک سے شکست دی۔
احسن نے پہلا گیم جیتا جس کے بعد یاش بھارگوا نے کم بیک کیا لیکن پھر تیسرا اور چوتھا گیم پاکستانی پلیئر نے جیت کر اپنے کیریئر میں ایک اور ٹرافی کا اضافہ کیا۔
احسن کی جیت کا اسکور گیارہ ۔ چھ، آٹھ ۔گیارہ، گیارہ ۔ تین اور گیارہ ۔ آٹھ رہا ۔
اس سے قبل احسن ایاز نے سیمی فائنل میں ملائیشیا کے یئی زیان جبکہ دوسرے راؤنڈ میں آئرلینڈ کے ڈینس گلوسکی کو شکست دی تھی ۔ یہ اس سال احسن ایاز کا پانچواں ٹائٹل ہے۔
کولی ول اوپن اسکواش کی مجموعی انعامی رقم تین ہزار ڈالر تھی۔