اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط من و عن مان لی گئی ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو مشکلات میں مبتلا کیا، ملک کی ساکھ داؤ پر لگا دی اور ملک کو معاشی دلدل میں پھنسا دیا۔ عمران خان نے سخت ترین شرائط پر آئی ایم ایف پروگرام پر دستخط کیے، عمران خان نے خود خلاف ورزی کرکے آئی ایم ایف پروگرام کو معطل کیا، آئی ایم ایف پروگرام کے خلاف سازش کی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ریاست بچانے کے لیے سیاست قربان کر دی ہے، پاکستان بچ گیا تو سب خیر ہے، آئی ایم ایف کی تمام شرائط من و عن مان لی گئی ہیں، آئی ایم ایف نے حکومت کے ہاتھ پاؤں باندھے ہوئے ہیں لیکن میرا ایمان ہے وقت آئے گا اور حالات بدل جائیں گے۔ اسرائیل کے ساتھ تجارت کی افواہوں سے متعلق بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تجارت شروع کرنے کا جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے جو قابل مذمت ہے، ایک انفرادی شخص کا حکومت پاکستان کی پالیسی سے کیا تعلق؟ فلسطینیوں کو حق ملنے تک پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کی قیادت میں 2014سے 2018 تک ملک ترقی کی شاہراہ پرگامزن تھا، وقت بدلے گا اور نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن ملک کو مسائل سے نکالے گی۔