کابل ( ویب ڈیسک ) افغانستان میں طالبان کی طرف سے بڑے علاقوں کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد مغربی میڈیا کی طرف سے پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے کہ لاکھوں افغان پناہ گزین ملک چھوڑنے کا آغاز کر چکے ہیں لیکن اس بار ان کے پاس کوئی ایسی جگہ نہیں جہاں پر وہ جا سکیں اس لئے وہ رشتہ داروں کے گھروں، سمگلروں کے ٹرکوں اور دیگر طریقوں سے سرحد پار کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ میں اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا گیا کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد اب تک 3 لاکھ 30 ہزار افغان باشندے بے گھر ہو چکے ہیں۔ نیو یارک ٹائمز کی اپنی تحقیق کے مطابق افغانستان کے چار سو صوبوں میں سے نصف سے زیادہ پر طالبان کنٹرول حاصل کر چکے ہیں۔ رپورٹ میں انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ امریکی افواج کے انخلا کے بعد افغان پناہ گزینوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ ایسے افراد کی تعداد میں تیس سے چالیس فیصد اضافہ ہوا ہے جو طالبان کے غلبے کے بعد افغانستان سے بھاگنا چاہ رہے ہیں جبکہ پاکستان بھر سے ہر ہفتے کم از کم 30 ہزار لوگ بھاگ رہے ہیں۔