بالی ووڈ گلوکار اور اداکار یو یو ہنی سنگھ کی اہلیہ شالینی تلوار نے ان کے خلاف گھریلو تشدد، جنسی تشدد، ذہنی ہراسانی اور مالی دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرایا ہے۔ انھوں نے 'گھریلو تشدد سے خواتین کے تحفظ کے قانون' کے تحت دہلی کی تیس ہزاری عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔ شالینی تلوار کی جانب سے قانونی فرم کرنجا والا اینڈ کمپنی کے وکیل سندیپ کپور، اپوروا پانڈے اور جی جی کشیپ پیش ہوئے۔ عدالت نے ہنی سنگھ، جن کا اصل نام ہردیش سنگھ ہے، کو 28 اگست تک اپنا جواب داخل کرنے کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔ 2014 میں ہنی سنگھ نے اپنی بیوی کو ریئلٹی شو انڈیا کے را اسٹار کی ایک قسط میں ناظرین سے متعارف کرایا۔ بہت سے لوگ حیران تھے کہ اس نے بالی ووڈ کے میگا پراجیکٹس میں کام کرنے سے پہلے شادی کر لی۔ دیپیکا پڈوکون اور سیف علی خان کی فلم کاک ٹیل کا گانا 'انگریزی بیٹ' سپر ہٹ ہونے کے بعد یو یو ہنی سنگھ گھر گھر پہنچ گئے۔ یہ گانا 2011 کے دوران سرفہرست رہا۔ ہنی سنگھ اپنے پارٹی نمبرز کی وجہ سے مشہور ہیں۔