اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے سابق پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کا معافی نامہ مسترد کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے 15اگست تک شو کاز نوٹس پر جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے فواد چودھری کو 15 اگست کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فواد چودھری کا معافی نامہ مشروط تھا ،گزشتہ سماعت پر فواد چودھری نے معافی نامہ جمع کرا یا تھا ۔ خیال رہے کہ چند روز قبل الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جس کے بعد فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن میں پیش ہو کر معافی مانگی تھی۔ جس پر الیکشن کمیشن کے ممبران نے فواد چوہدری کو تحریری معافی نامہ لکھ کر جمع کرانے کا کہا تھا ۔