مذاکرات انہیں سے کروں گا جن کے پاس طاقت ہے:عمران خان

 مذاکرات انہیں سے کروں گا جن کے پاس طاقت ہے:عمران خان
کیپشن: مذاکرات انہیں سے کروں گا جن کے پاس طاقت ہے:عمران خان

ویب ڈیسک: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ سب سے بڑا یو ٹرن  وہ ہے جس نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا اور بوٹ کو عزت دی۔ مذاکرات انہیں سے کروں گا جن کے پاس طاقت ہے۔

تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ مذاکرات آئین کے دائرے میں رہ کر کروں گا۔ سب سے پہلے ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔ اس حکومت سے کیا مذاکرات کروں جو 4 حلقے کھلنے سے ختم ہوجائے گی۔ مذاکرات انہیں سے کروں گا جن کے پاس طاقت ہے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سب سے بڑا یو ٹرن وہ ہے جس نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا اور بوٹ کو عزت دی۔ میں نے محمود خان اچکزئی کو سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کا کہا ہے۔ محمود خان اچکزئی سیاسی جماعتوں سے بات کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے کہا گیا کہ جی ایچ کیو کے سامنے پرامن احتجاج کی کال  دے کر غلط کیا۔ آئین میں کہاں لکھا ہے کہ جی ایچ کیو کے سامنے احتجاج کرنا منع ہے۔ملک میں غیرعلانیہ مارشل لا نافذ ہے۔ فوج کو مجھ سے معافی مانگنا چاہیے ظلم میرے ساتھ  ہوا مجھے رینجرز نے اغوا کیا۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے توشہ خانہ سے متعلق  2 ریفرنس کرکے اپنے ہی قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ پہلے ریفرنس میں کہا ہار کی قیمت کم کروائی،دوسرے میں بھی یہی الزام ہے۔پہلے ریفرنس میں بھی انعام شاہ وعدہ معاف گواہ تھا اور نئے ریفرنس میں بھی وہی وعدہ معاف گواہ ہے۔ ریفرنس سے بری ہونے کے بعد محسن نقوی چیئرمین نیب تفتیشی افسران سمیت جھوٹے بیان دینے والوں پر کیس کروں گا۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پہلا ریفرنس جس ہار پر بنایا گیا نیب کو نہیں پتہ وہ ہار ہمارے پاس ہے۔ مارچ 18 کو بنی گالہ رہائش گاہ پر چھاپے سے قبل تمام قیمتی اشیا وہاں سے محفوظ مقام پر منتقل کردی تھیں۔  جس ہار پرمجھے سزا دی گئی میں نے غلطی سے بتا دیا تھا کہ وہ  ہار ہمارے پاس موجود ہے نیب پھنس گئی تھی اس لیے مجھے جلدی میں سزا سنا دی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ دنیا میں جمہوریت اخلاقیات کی بنیاد پر چلتی ہے کبھی بھی پارلیمنٹ ڈنڈے کے زور پر نہیں چلی۔ یہ ساری اخلاقی قوت سر سے اتار کر پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ دنیا میں جمہوریت اخلاقیات کی بنیاد پر چلتی ہے کبھی بھی پارلیمنٹ ڈنڈے کے زور پر نہیں چلی۔ یہ ساری اخلاقی قوت سر سے اتار کر پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں۔ یہ ماضی کی طرح دوبارہ عدالتوں پرحملہ آور ہورہے ہیں۔ سابق کمشنر راولپنڈی نے جو کہا وقت نے اسے سچ ثابت کردیا۔ جیل میں مجھے 2 بار فوڈ پوائزنگ ہوا کیونکہ فرج نہیں ہے کھانا خراب ہوجاتا ہے۔

Watch Live Public News