اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی گرفتار

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی گرفتار
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) سپریم کورٹ نے سندھ اسمبلی کے سپیکر آغا سراج درانی کو قومی احتساب بیورو ( نیب) کے سامنے سرینڈر کرنے کا حکم دیاتھا۔ وہ تقریبا چار گھنٹے تک عدالت عظمیٰ میں‌رہے لیکن جیسے ہی باہر نکلے انھیں‌ نیب کی ٹیم نے حراست میں‌لے لیا. خیال رہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمانت کیلئے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ان کی درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس منصور علی شاہ کا دوران سماعت کہنا تھا کہ آغا سراج درانی کی ضمانے سندھ ہائیکورٹ نے میرٹ پر منسوخ کی۔ ہائیکورٹ کے حکم پر عمل کئے بغیر سپریم کورٹ اس پر سماعت نہیں کریگی۔ جسٹس سجاد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جب سندھ ہائیکورٹ نے آغا سراج درانی کی ضمانت منسوخ کی تو انھیں جیل میں ہونا چاہیے تھا، انہوں نے خود سے گرفتاری کیوں نہیں دی؟ ہم ان کو خصوصی رعایت کیوں دیں؟ سپریم کورٹ نے آغا سراج درانی کو قومی احتساب بیورو ( نیب) کے سامنے سرینڈر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر عمل کرتے ہوئے گرفتاری دیں، اس کے بعد ان کا کیس آئندہ ہفتے سنیں گے۔ عدالت عظمیٰ نے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو احاطہ عدالت سے گرفتار نہ کرنے کی درخواست بھی تسلیم نہ کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک کیلئے ملتوی کردی۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے سپیکر سندھ اسمبلی کی ضمانت پر رہائی سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا۔ آغا سراج درانی پر آمدن سے زائد اثاثوں کے نیب ریفرنس میں فرد جرم بھی عائد کی جا چکی ہے۔

Watch Live Public News