اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان سرمائی اولمپک کی تقریب میں شرکت اور چینی قیادت سے ملاقات کے لیے چار روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیر خزانہ شوکت ترین، منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر اسدعمر، اطلاعات و نشریات کے وزیر چودھری فواد حسین، قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف، مشیر تجارت عبدالرزاق داود اورچین پاکستان اقتصادی راہداری کے بارے میں معاون خصوصی خالد منصور ان کے ہمراہ ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان سرمائی اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ وفاقی کابینہ اراکین، اعلیٰ عسکری اور سول افسران سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ چین روزنہ ہوا ہے۔چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا۔ پاکستان اور چین قیادت عالمی اور علاقائی امور کا جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان دورے کے دوران متعدد اہم معاہدوں بھی طے پائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے دوران چین کے صدر اور وزیراعظم سمیت مختلف کاروباری شخصیات کو پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کرنے کے لئے کتاب پیش کی جائے گی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے تیار کی گئی اس کتاب میں شعبہ جاتی بنیادوں پر تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔ کتاب میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے حامل شعبوں اور حکومت کی جانب سے ان شعبوں میں فراہم کی جانے والی تفصیلات موجود ہیں۔ پاکستانی وفد کے ارکان دورہ چین کے موقع پر یہ کتاب چینی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کو پیش کریں گے۔ اس کتاب کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔ https://twitter.com/FawadPTIUpdates/status/1489109590348378115?s=20&t=yoaTM3dI3vvpaAKoQxyR3Q وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی دورہ چین کے دوران وہاں کی مختلف کاروباری شخصیات اور بڑے سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں ہوں گی۔ چین سے کئی کاروباری اور صنعتی یونٹس پاکستان منتقل ہوں گے، اس دورہ سے پاک چین گہرے تعلقات کی وسعت میں مزید اضافہ ہوگا۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اپنے دورہ چین کے دوران وزیراعظم عمران خان چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔ صدر شی جن پنگ دو سال بعد کسی عالمی رہنما سے ملاقات کریں گے جو وزیراعظم عمران خان ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ چین کا مقصد سرمائی اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی اور اس کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کا جذبہ خیر سگالی پہنچانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر 20 دیگر ممالک کے سربراہان بھی چین میں موجود ہوں گے۔ وزیراعظم کی چین کے مختلف کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ اس دورہ کے بعد چین سے کئی کاروباری اور صنعتی یونٹس پاکستان منتقل ہوں گے۔ فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی چین کے صدر اور وزیراعظم سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے علاوہ چین کے بڑے سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں بھی طے ہیں۔ یہ دورہ ہمالیہ سے اونچے اور بحیرہ عرب سے گہرے پاک چین تعلقات کی وسعت میں مزید اضافہ کرے گا۔